اسلام آباد( اے بی این نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے وزرا کی جانب سے حالیہ بیان بازی کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی کابینہ کے تمام اراکین کو ایک دوسرے کے خلاف سیاسی بیان بازی سے گریز کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ کابینہ کے اراکین کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی مکمل طور پر بند ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وزرا کے درمیان معاملات افہام و تفہیم اور اتفاق رائے سے آگے بڑھنے چاہئیں، ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی سے منفی تاثر پیدا ہوتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ سیاسی بیان بازی سے تعمیر و ترقی کی سیاست سے توجہ ہٹتی ہے۔ وفاقی وزرا اچھا کام کر رہے ہیں، اس لیے ان کی توجہ عوامی خدمت اور ملکی تعمیر و ترقی پر مرکوز رہنی چاہیے۔
وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں کے نمائندوں کو بھی سیاسی بیان بازی سے گریز کرنے اور مثبت بات چیت کو فروغ دینے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی تمام تر توجہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر مرکوز ہے۔ حکومت معاشی استحکام سے پائیدار معاشی ترقی کی جانب سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم سب کا فرض ہے کہ سیاسی استحکام کے حوالے سے اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور ملکی ترقی کے لیے مثبت ماحول کو فروغ دیں۔
مزید پڑھیں:پاکستانی خلاباز کی خلا میں روانگی، محمد ذیشان علی نے تاریخ رقم کردی















