تہران( اے بی این نیوز) ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے آبادی میں اضافے اور قومی سلامتی کے درمیان تعلق پر زور دیتے ہوئے آبادی میں اضافہ ملک کے لیے ناگزیر قرار دیا ہے۔
قومی آبادی ایوارڈ کی چوتھی تقریب کے موقع پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ آبادی میں اضافہ قومی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی سائنسی، ثقافتی، اقتصادی اور سماجی مواقع پیدا کرنے اور انہیں فروغ دینے کے ساتھ ساتھ دشمن کے خطرات اور مذموم عزائم کا مقابلہ کرنے میں بھی انتہائی اہم ہے۔
ایرانی سپریم لیڈر نے کم عمری میں شادی کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے خاندانی نظام کو مرکزیت دینے والے معاشرتی کلچر کے فروغ پر بھی زور دیا۔
واضح رہے کہ مجتبیٰ خامنہ ای نے مارچ کے اوائل میں اپنے والد علی خامنہ ای کی جگہ ایران کے سپریم لیڈر کا منصب سنبھالا تھا۔
علی خامنہ ای رواں سال فروری میں امریکی اور اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں شروع ہونے والی جنگ کے ابتدائی فضائی حملوں میں شہید ہوگئے تھے۔
مجتبیٰ خامنہ ای ذمہ داری سنبھالنے کے بعد سے اب تک عوامی سطح پر منظر عام پر نہیں آئے۔
مزید پڑھیں:وائیبھو سوریاونشی کا ناقابل یقین کارنامہ، بڑے عالمی ریکارڈ توڑ دیے















