لاہور(اے بی این نیوز )پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت شروع ہوگئی۔جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس سید شہباز علی رضوی پر مشتمل بینچ عمران خان کی درخواست پر سماعت کر رہا ہے۔ جسٹس علی باقر نجفی نے سیکیورٹی انچارج کو طلب کرکے کہا کہ عمران خان کو پانچ منٹ میں عدالت میں پیش کیا جائے جبکہ رمران خان احاطہ عدالت میں موجود ہیں لیکن عوام کے جم غفیر کی وجہ سے عدالت میں پیش ہونے میں رکاوٹ درپیش ہے ،عدالت نے اب سماعت آدھا گھنٹے تک ملتوی کر دی،قبل ازیںجسٹس علی باقر نجفی نے سوال کیا کہ ایس ایس پی ہائیکورٹ میں عمران خان کی سیکیورٹی پر ہیں؟عدالت نے سیکیورٹی انچارج ایس ایس پی کو عمران خان کو 5 منٹ میں کمرہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔وکیل کا کہنا ہے کہ عمران خان ریمپ کے پاس گاڑی میں بیٹھے ہیں۔پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی بھی عدالت کے احاطے میں موجود ہیں۔اس سے قبل وکلاء کا کہنا تھا کہ گاڑی میں عمران خان کی حاضری لگوانے کا بندوبست کر لیا جائے۔کورٹ ایسوسی ایٹ آف جسٹس علی باقر نجفی کا کہنا تھا کہ فاضل ججز ابھی کمرہ عدالت میں پہنچ رہے ہیں، آپ اپنی گزارشات بینچ کے سامنے رکھ دیجیے گا۔عمران خان کو عدالت لے جانے کیلئے راستہ بنایا جا رہا ہے، پولیس نے کمرہ عدالت کے باہرحفاظتی بیریئرز بھی لگا رکھے ہیں، عمران خان بیریئرز کے اندر سے گزر کر کمرہ عدالت میں پیش ہوں گے۔















