اہم خبریں

چھوٹی گاڑی خریدنے کے خواہشمند افراد کے لیے بڑی خوشخبری آ گئی

پاکستان میں چھوٹی گاڑیاں خریدنے کے خواہشمند افراد کے لیے اہم خبر سامنے آگئی ہے، آل پاکستان کار ڈیلرز اینڈ امپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین میاں شعیب نے امکان ظاہر کیا ہے کہ نئی آٹو پالیسی کے تحت 660 سی سی گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی آسکتی ہے، جس سے کم بجٹ والے خریداروں کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میاں شعیب نے کہا کہ گاڑیوں کی کمرشل درآمد کی اجازت کے لیے طویل کوششیں کی گئی ہیں، جس کے نتیجے میں اب الیکٹرک گاڑیوں سمیت مختلف گاڑیوں کی درآمد کے امکانات بھی بڑھ گئے ہیں۔

ان کے مطابق کمرشل امپورٹ کے تحت تمام بینکوں کے ذریعے گاڑیاں منگوائی جا سکیں گی، جس سے پاکستانی مارکیٹ میں گاڑیوں کی مختلف اقسام اور ماڈلز دستیاب ہوں گے۔ اس پیش رفت سے صارفین کو اپنی ضرورت اور بجٹ کے مطابق گاڑی منتخب کرنے کے مزید مواقع مل سکتے ہیں۔

چیئرمین ایسوسی ایشن نے یہ بھی کہا کہ گاڑیوں کی کمرشل درآمد کے معاملے میں بیوروکریسی کی جانب سے مختلف رکاوٹیں سامنے آتی رہی ہیں۔ انہوں نے اس سلسلے میں تعاون کرنے پر ہارون اختر اور فیصل واڈا کا شکریہ ادا کیا۔

میاں شعیب کے مطابق گاڑیوں کی کمرشل درآمد کا آٹو پالیسی سے براہ راست تعلق نہیں، تاہم درآمد کی جانے والی گاڑیوں کے لیے مقررہ حفاظتی معیار پورے کرنا اور پری شپمنٹ انسپکشن کلیئر کرنا لازمی ہوگا۔

660 سی سی گاڑیوں کی قیمتوں میں ممکنہ کمی اور درآمدی گاڑیوں کی دستیابی بڑھنے سے آٹو مارکیٹ میں مقابلے کی فضا پیدا ہوسکتی ہے، تاہم قیمتوں میں حقیقی کمی کا انحصار درآمدی پالیسی، ٹیکسوں، ڈیوٹی اور مارکیٹ کے حالات پر ہوگا۔

متعلقہ خبریں