لاہور (اے بی این نیوز) پنجاب میں گاڑیوں کے پسندیدہ اور پرکشش رجسٹریشن نمبرز حاصل کرنے کے لیے آن لائن ای آکشن کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس میں شرکت کے لیے رجسٹریشن کی آخری تاریخ 30 نومبر مقرر کی گئی ہے۔
چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) فیصل یوسف کے مطابق شہری گھر بیٹھے ای آکشن کے ذریعے اپنی پسند کے رجسٹریشن نمبرز کے حصول کے لیے بولی میں حصہ لے سکتے ہیں۔ اس سہولت میں موٹر سائیکل، موٹر کار اور کمرشل گاڑیوں کے نمبرز شامل ہیں۔فیصل یوسف نے بتایا کہ شہریوں کے لیے ای آکشن ایپ اور ویب پورٹل کے ذریعے آن لائن رجسٹریشن کی سہولت فراہم کی گئی ہے، جس کے باعث نیلامی میں شرکت کے لیے ایکسائز دفاتر جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ کامیاب بولی دہندگان کی تفصیلات بھی ای آکشن ایپ پر دستیاب ہوں گی۔ ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے نیلامی کے عمل کو آسان، شفاف اور شہریوں کے لیے قابل رسائی بنایا جا رہا ہے۔شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 30 نومبر سے قبل اپنی رجسٹریشن مکمل کرلیں تاکہ پسندیدہ گاڑی نمبر حاصل کرنے کی آن لائن نیلامی میں حصہ لے سکیں۔
مزید پڑھیں: چھوٹے اور درمیانے کاروباروں کے لیے 300 ارب روپے کی فنانسنگ کا اعلان















