اسلام آباد ( اے بی این نیوز)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو ملک کا پہلا مکمل ڈیجیٹل اور کیش لیس شہر بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا، 30 نومبر کے بعد سرکاری محکموں میں نقد ادائیگیاں بند کردی جائیں گی۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کی زیر صدارت کیش لیس اسلام آباد منصوبے سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں چیئرمین سی ڈی اے، بینکنگ شعبے کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ کیش لیس اسلام آباد منصوبے کی کامیابی کے لیے تمام متعلقہ اداروں اور فریقین کی مشاورت اور تجاویز اہم ہیں۔ وزیراعظم اور وزیر داخلہ کی ہدایت پر منصوبے پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے۔
اسلام آباد کو ملک کا پہلا مکمل کیش لیس شہر بنانے کا فیصلہ، 31 دسمبر ڈیڈ لائن مقرر،
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کی زیر صدارت کیش لیس اسلام آباد کے حوالے سے اہم اجلاس https://t.co/AFEpXsEG4q— Khurrram Shahzad (@KhurramShahzPK) November 13, 2026
انہوں نے اعلان کیا کہ 30 نومبر کے بعد اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری اور سی ڈی اے کے کسی بھی محکمے میں نقد ادائیگی نہیں کی جائے گی، جبکہ 31 دسمبر تک اسلام آباد کے تمام کاروباری مراکز کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام میں شامل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ کیش لیس نظام سے مالیاتی شفافیت، ٹیکس کی نگرانی اور لین دین کے نظام میں بہتری آئے گی۔ اسلام آباد میں پہلے ہی 26 ہزار کاروباری مراکز ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام سے منسلک ہوچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریڑھی بانوں سے لے کر بڑے کاروباری مراکز تک ڈیجیٹل ادائیگیوں کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ اسلام آباد کو جدید ڈیجیٹل شہر بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مل کر کام کریں گے۔
اجلاس میں بینکنگ شعبے کے نمائندوں نے کیش لیس اسلام آباد منصوبے کی کامیابی کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
مزید پڑھیں:پاکستان کی معدنی دولت کو کارآمد بنانا قومی مقصد ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر















