اسلام آباد ( اے بی این نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کاروباری برادری کو معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے تمام ضروری تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرادی۔
اسلام آباد میں پاکستان منرلز فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں معدنیات کے شعبے کے فروغ کے لیے مل کر کام کریں گی۔ سرمایہ کاروں کے مفادات کے تحفظ کے لیے ایک ٹیم کے طور پر کام کریں گے، سرمایہ کاروں کا تحفظ ہمارا تحفظ اور ان کی سلامتی ہماری سلامتی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ معدنیات کے منصوبوں کی کامیابی کے لیے مقامی آبادی کا تعاون اور اعتماد ضروری ہے۔ افرادی قوت، اثاثوں اور سپلائی روٹس کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مقصد صرف معدنیات نکال کر بیرون ملک بھیجنا نہیں بلکہ انہیں ملک میں پراسیس کرکے تیار مصنوعات کی شکل میں برآمد کرنا ہے۔ سفر مشکل ضرور ہے لیکن حکومت پرعزم ہے۔
پاکستان کے کان کنی اور معدنیات کے شعبے کو ہمارے معاشی وژن کا اہم حصہ بنانے میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ان کی ٹیم کی بھرپور حمایت اور کوششوں پر تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔
~ وزیراعظم شہباز شریف کا پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 سے خطاب https://t.co/M22Dv3HzJ8
— Shehbaz Digital Media (@ShehbazDigital) November 13, 2026
وزیراعظم کے مطابق مساوی اور منصفانہ شراکت داری پاکستان اور سرمایہ کاروں دونوں کے لیے فائدہ مند ہے۔ معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاروں کو یکساں مواقع اور پالیسیوں میں تسلسل فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے طریقہ کار آسان بنایا جارہا ہے جبکہ لائسنس اور معاہدوں کے اجرا میں مکمل شفافیت یقینی بنائی جائے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے قیمتی معدنی وسائل کو خام شکل میں بیرون ملک بھیجنے کا سلسلہ بند کرنا ہے۔ قیمتی معدنی وسائل ملکی صنعتوں کے لیے استعمال ہوں گے اور وہ دن دور نہیں جب معدنی وسائل کو ملکی ڈاؤن اسٹریم صنعت کے لیے بروئے کار لایا جائے گا۔
وزیراعظم نے ریکوڈک منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ دنیا میں تانبے اور سونے کے بڑے غیر استعمال شدہ ذخائر میں سے ایک ہے۔ دو دہائیوں سے تعطل کا شکار ریکوڈک منصوبہ عملی تکمیل اور آپریشنل مرحلے کی جانب بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گولڈمین سکس کی پیش گوئی ہے کہ 2075 تک پاکستان دنیا کی چھٹی بڑی معیشت بن سکتا ہے۔ ان شاء اللہ 2050 سے بھی پہلے پاکستان دنیا کی بڑی معیشتوں میں شامل ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ نیشنل منرل ڈیٹا سینٹر اور ارضیاتی ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن سے معدنی وسائل کے حوالے سے مستند معلومات دستیاب ہوں گی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاری کے لیے بجلی، پانی اور مواصلات کا قابل اعتماد بنیادی ڈھانچہ ضروری ہے جبکہ نوجوان نسل پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہے۔
انہوں نے کاروباری برادری کو یقین دہانی کرائی کہ سرمایہ کاری سے متعلق رکی ہوئی فائل کو تیز ترین رفتار سے آگے بڑھانے کی ضمانت دیتا ہوں۔
مزید پڑھیں:پاکستان اور سری لنکا کا پہلا ٹیسٹ ڈرا، سعود شکیل نروس نائنٹیز کا شکار















