اسلام آباد (رضوان عباسی ) وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی کی وصولی میں مسلسل اضافے کے باعث شہریوں پر مالی بوجھ بڑھ گیا ہے۔ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی بھی مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران پیٹرولیم لیوی کی ریکارڈ وصولی کا انکشاف ہوا ہے۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق جولائی سے ستمبر 2026 کے دوران پیٹرولیم لیوی کی مد میں 381 ارب 82 کروڑ روپے وصول کیے گئے، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 10 ارب 21 کروڑ روپے زیادہ ہیں۔
دستاویزات کے مطابق گزشتہ مالی سال جولائی تا ستمبر پیٹرولیم لیوی کی وصولی 371 ارب 61 کروڑ روپے رہی تھی، جبکہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں کاربن لیوی کی مد میں الگ سے 22 ارب 26 کروڑ روپے بھی وصول کیے گئے ہیں۔
وفاقی حکومت نے رواں مالی سال پیٹرولیم اور کلائمٹ سپورٹ لیوی کی مد میں مجموعی طور پر تقریباً 1727 ارب روپے وصول کرنے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے۔ دستاویزات کے مطابق مالی سال 2025-26 کے دوران پیٹرولیم لیوی کی وصولی ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 1567 ارب 45 کروڑ روپے تک پہنچ گئی تھی، جبکہ کلائمٹ سپورٹ لیوی کی مد میں مزید 50 ارب 16 کروڑ روپے وصول کیے گئے تھے۔
اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2024-25 میں پیٹرولیم لیوی کی مد میں 1220 ارب 21 کروڑ روپے، مالی سال 2023-24 میں 1019 ارب روپے جبکہ مالی سال 2022-23 کے دوران 580 ارب روپے وصول کیے گئے تھے۔
سرکاری اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران پیٹرولیم لیوی کی وصولی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کا براہ راست اثر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور بالواسطہ طور پر عوام کے سفری اخراجات، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور مجموعی مہنگائی پر پڑتا ہے۔
مزید پڑھیں:بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام کی رقم سے کٹوتی ،رجسٹرڈ خواتین ہوشیار ہوجائیں















