اہم خبریں

لاہور میں خطرناک سموگ کی وجہ سامنے آگئی، دیوالی کی آتش بازی اور بھارتی پنجاب سے آنے والی آلودہ ہوائیں بھی ذمہ دار؟

اسلام آباد (اے بی این نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ گئی، جبکہ دیوالی کی آتش بازی، بھارتی پنجاب میں فصلوں کی باقیات جلانے اور مشرقی ہواؤں کے باعث سرحد پار سے آلودہ دھواں آنے کے خدشات نے صورتحال پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق 9 نومبر کی صبح لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 519 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ بعض بین الاقوامی فضائی معیار کے پلیٹ فارمز پر یہ سطح 563 تک بھی رپورٹ ہوئی۔ فضائی آلودگی میں اضافے کے بعد شہر کے شہریوں کو شدید سموگ کا سامنا ہے۔

پنجاب حکومت نے 8 نومبر کو جاری کردہ خصوصی رپورٹ میں پہلے ہی خبردار کیا تھا کہ دیوالی کی رات بھارتی علاقوں میں ہونے والی آتش بازی کا دھواں مشرقی ہواؤں کے ذریعے لاہور، قصور اور سرحدی علاقوں تک پہنچ سکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق آتش بازی سے پیدا ہونے والا دھواں پانچ سے تیرہ گھنٹوں کے دوران لاہور پہنچنے کا خدشہ تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ بھارتی شہر امرتسر لاہور سے تقریباً 50 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے، جس کے باعث وہاں سے اٹھنے والے دھوئیں اور آلودہ ذرات کے سرحد پار پہنچنے کے امکانات موجود ہیں۔

بھارتی پنجاب میں فصلوں کی باقیات جلانے کے 2 ہزار 347 واقعات

پنجاب حکومت کی رپورٹ میں بھارتی پنجاب میں فصلوں کی باقیات جلانے کے واقعات پر بھی تشویش ظاہر کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق 4 نومبر تک بھارتی پنجاب میں ایسے 2 ہزار 347 واقعات رپورٹ ہوچکے تھے۔

ان میں سے 1 ہزار 81 واقعات صرف تین اضلاع ترن تارن، فیروزپور اور امرتسر میں ریکارڈ کیے گئے، جو مجموعی واقعات کا تقریباً 46 فیصد بنتے ہیں۔ یہ علاقے لاہور اور قصور کے سامنے واقع ہیں، جس کے باعث ان سے اٹھنے والے دھوئیں کے اثرات پاکستان کے سرحدی علاقوں تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔

دیوالی کی آتش بازی سے بھارتی شہروں میں بھی آلودگی میں اضافہ

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دیوالی کے بعد بھارتی پنجاب کے شہروں امرتسر، لدھیانہ، جالندھر اور پٹیالہ میں فضائی آلودگی کی سطح میں اضافہ ہوا۔ شہر منڈی گوبند گڑھ میں ایئر کوالٹی انڈیکس 445 تک پہنچنے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔

رپورٹس کے مطابق پابندی کے مقررہ اوقات کے بعد بھی بعض علاقوں میں آتش بازی جاری رہی، جس کے باعث دھواں رہائشی علاقوں اور گلیوں میں پھیل گیا۔ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں بھی دیوالی کے بعد فضائی آلودگی میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

لاہور میں دیوالی سے پہلے بھی آلودگی کی سطح بلند تھی

پنجاب حکومت کی رپورٹ کے مطابق لاہور میں دیوالی سے پہلے ہی رات کے وقت باریک آلودہ ذرات (پی ایم 2.5) کی مقدار 202 مائیکروگرام فی مکعب میٹر تک پہنچ چکی تھی۔

رپورٹ میں آتش بازی، فصلوں کی باقیات جلانے اور رات کے وقت ہوا کے ٹھہراؤ کو فضائی آلودگی میں اضافے کے اہم عوامل قرار دیا گیا تھا۔ حکومت نے 9 اور 10 نومبر کو آلودگی کی سطح بلند رہنے جبکہ 11 نومبر سے معمولی کمی کا امکان بھی ظاہر کیا تھا۔

کیا لاہور کی سموگ کی وجہ بھارتی دھواں ہے؟

ماحولیاتی ماہرین کے لیے اس وقت اہم سوال یہ ہے کہ لاہور میں فضائی آلودگی کے حالیہ اضافے میں مقامی آلودگی اور سرحد پار سے آنے والے دھوئیں کا کتنا حصہ ہے۔ پنجاب حکومت کی رپورٹ میں بھارتی پنجاب سے آلودہ ہواؤں کے لاہور پہنچنے کے خدشات پہلے ہی ظاہر کیے گئے تھے، تاہم صرف ایئر کوالٹی انڈیکس کی بنیاد پر دیوالی کی آتش بازی یا فصلوں کی باقیات جلانے کو سموگ کی واحد وجہ قرار نہیں دیا جاسکتا۔

اس حوالے سے محکمہ تحفظ ماحولیات کی تفصیلی پیمائشی رپورٹ اہمیت اختیار کرگئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 10 نومبر کو تقابلی نتائج جاری کرنے کا منصوبہ ہے، جس سے فضائی آلودگی کے ممکنہ سرحد پار اثرات کا تعین کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
مزید پڑھیں: یوم اقبال پر 13 ہزار روپے نقد انعام دینے کا دعویٰ جعلی قرار، شہریوں کو خبردار کردیا گیا

متعلقہ خبریں