اہم خبریں

شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کا 149 واں یوم پیدائش آج منایا جا رہا ہے، گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب

اسلام آباد (اے بی این نیوز) شاعر مشرق، مفکر پاکستان اور حکیم الامت علامہ محمد اقبال کا 149 واں یوم پیدائش آج 9 نومبر کو ملک بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر مزار اقبال لاہور میں گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔

علامہ محمد اقبال 9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے گورنمنٹ کالج لاہور سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد اعلیٰ تعلیم کے لیے برطانیہ اور جرمنی کا رخ کیا۔ اقبال نے اپنی شاعری اور فکر کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں خودی، آزادی، اتحاد اور خود اعتمادی کا جذبہ بیدار کیا اور ایک الگ وطن کا تصور پیش کیا۔

علامہ اقبال کی شاعری آج بھی نوجوان نسل کے لیے مشعل راہ ہے۔ ان کے مشہور شعری مجموعوں میں بانگ درا، بال جبریل اور ضرب کلیم شامل ہیں، جن میں خودی، عمل، جدوجہد اور ملت اسلامیہ کی بیداری کا پیغام نمایاں ہے۔

صدر مملکت کا علامہ اقبال کو خراج عقیدت

صدر مملکت آصف علی زرداری نے یوم اقبال کے موقع پر اپنے پیغام میں علامہ محمد اقبال کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اقبال کے کلام نے برصغیر کے مسلمانوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کی طاقت اور شعور دیا۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال نے مسلمانوں کی امنگوں کو فکری رہنمائی فراہم کی۔ ان کی شاعری آزادی، باعزت زندگی اور استحصال کے خلاف جدوجہد کا پیغام دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقبال کے کلام نے غریب اور محنت کش طبقے کو اپنے حقوق اور مقام کا احساس دلایا جبکہ محنت کرنے والوں کی عزت اور وقار کو بھی اہمیت دی۔

**مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب**

علامہ اقبال کے یوم پیدائش کے موقع پر لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ پاکستان نیوی کے اسٹیشن کمانڈر لاہور کموڈور مصباح الامین تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

کموڈور مصباح الامین نے مزار اقبال پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر انہوں نے گارڈز میں شامل پاکستان رینجرز اور پاک بحریہ کے دستوں کا معائنہ بھی کیا۔

تقریب کے دوران پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے مزار اقبال پر اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔

علامہ اقبال کے یوم پیدائش پر ملک بھر میں مختلف تقریبات، سیمینارز اور خصوصی پروگرامز کے ذریعے ان کی قومی، ادبی اور فکری خدمات کو خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔
مزیدپڑھیں: آج بروز پیر 9 نومبر صرافہ بازار میں سونے کی فی تولہ نئی قیمت

متعلقہ خبریں