کراچی میں کراچی میں سبزیوں اور پھلوں کے سرکاری نرخ نظرانداز کیے جانے کے باعث شہریوں کو بازاروں میں اضافی قیمتیں ادا کرنا پڑ رہی ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں دکاندار سرکاری نرخ نامے کے برعکس سبزیاں اور پھل مہنگے داموں فروخت کر رہے ہیں، جبکہ انتظامیہ کی جانب سے مؤثر کارروائی نہ ہونے پر عوامی مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کراچی کے بازاروں میں آلو، پیاز، ٹماٹر سمیت روزمرہ استعمال کی کئی سبزیاں مقررہ سرکاری قیمتوں سے زیادہ پر فروخت کی جارہی ہیں۔ بعض دکانوں پر سرکاری نرخ نامے بھی نمایاں جگہوں پر موجود نہیں ہوتے، جس سے خریداروں کو قیمتوں کا درست اندازہ لگانے میں مشکلات پیش آتی ہیں۔
کراچی میں سبزیوں کے تازہ نرخ
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شہر میں آلو کی سرکاری قیمت 35 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم یہ 40 سے 50 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔ پیاز کا سرکاری نرخ 150 روپے فی کلو ہے، لیکن دکاندار 180 روپے وصول کر رہے ہیں۔
اسی طرح ٹماٹر 219 روپے کے بجائے 250 سے 300 روپے فی کلو، بھنڈی 196 روپے کے بجائے 250 روپے اور مٹر 311 روپے کے بجائے 400 روپے فی کلو فروخت کیے جارہے ہیں۔
ہرا دھنیا سرکاری نرخ 9 روپے فی گڈی کے بجائے 20 سے 30 روپے جبکہ پودینہ 12 روپے کے بجائے 20 سے 30 روپے میں دستیاب ہے۔
پھل اور مرغی کا گوشت بھی مہنگا فروخت ہونے لگا
سبزیوں کے ساتھ پھلوں کی قیمتوں میں بھی نمایاں فرق سامنے آیا ہے۔ کراچی میں کیلا 86 روپے کے سرکاری نرخ کے بجائے 150 روپے فی درجن فروخت ہورہا ہے۔ خربوزہ 130 روپے کے بجائے 200 روپے فی کلو جبکہ املوک 182 روپے کے بجائے 300 روپے فی کلو میں فروخت کیا جارہا ہے۔
دوسری جانب مرغی کے گوشت کی سرکاری قیمت 580 روپے فی کلو بتائی گئی ہے، تاہم بازاروں میں یہ 650 سے 700 روپے فی کلو تک فروخت ہورہا ہے۔















