اسلام آباد (اے بی این نیوز) پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن (PBTE) نے نویں جماعت کے طلباء کے لیے وزیراعظم یوتھ کروم بک اسکیم کے تحت اہلیت کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد سرکاری ٹیکنیکل اور ووکیشنل اداروں میں زیرِ تعلیم اہل طلباء کے لیے کروم بک حاصل کرنے کا موقع فراہم کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی بی ٹی ای سے منسلک سرکاری ٹیکنیکل اور ووکیشنل اداروں میں میٹرک ٹیک (Matric Tech) پروگرام کی نویں جماعت میں زیرِ تعلیم طلباء اس اسکیم کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
اعلان کردہ معیار کے مطابق درخواست دینے والے طلباء کے لیے ضروری ہے کہ وہ میٹرک ٹیک کی نویں جماعت میں باقاعدہ داخل ہوں اور پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن سے منسلک کسی سرکاری ٹیکنیکل یا ووکیشنل ادارے میں زیرِ تعلیم ہوں۔
اس کے علاوہ اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے طلباء کے حاصل کردہ نمبر 50 فیصد سے زائد ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
پی بی ٹی ای کے مطابق اس اسکیم کا بنیادی مقصد طلباء کو جدید ڈیجیٹل سہولیات فراہم کرنا، تعلیمی سرگرمیوں میں ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینا اور آن لائن سیکھنے کے مواقع تک رسائی بہتر بنانا ہے۔
اہل طلباء سرکاری رجسٹریشن پورٹل کے ذریعے آن لائن درخواست جمع کروا سکتے ہیں۔ طلباء کو ہدایت کی گئی ہے کہ درخواست دینے سے قبل اپنی اہلیت اور رجسٹریشن کے تمام تقاضوں کا جائزہ لیں اور مقررہ طریقہ کار کے مطابق درخواست مکمل کریں۔
مزیدپڑھیں: ستاروں کی روشنی میں آپ کا آج کا دن کیسا رہے گا؟















