پنجاب کے مختلف علاقوں میں گیس کی بندش اور کم پریشر کی شکایات بڑھنے سے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ لاہور سمیت کئی علاقوں کے رہائشیوں کو کھانا پکانے اور روزمرہ گھریلو امور انجام دینے میں دشواری کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں شفیق آباد، بند روڈ، سمن آباد، شالیمار، باغبانپورہ، سلامت پورہ، داروغہ والا، یتیم خانہ اور مزنگ میں گیس کی عدم دستیابی اور کم پریشر کی شکایات سامنے آئی ہیں۔
متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ ناشتے، دوپہر کے کھانے اور رات کے کھانے کے اوقات میں بھی گیس کا پریشر انتہائی کم رہتا ہے، جبکہ بعض علاقوں میں پورا دن گیس دستیاب نہیں ہوتی۔ صبح کے وقت گیس نہ ہونے کی وجہ سے بچوں کو اکثر ناشتہ کیے بغیر اسکول جانا پڑتا ہے، جبکہ دیگر اوقات میں بھی کھانا تیار کرنا مشکل ہوگیا ہے۔
شفیق آباد کے مکینوں کے مطابق علاقے میں کھانے کے تینوں اوقات میں گیس دستیاب نہیں ہوتی، جس کے باعث گھریلو معمولات متاثر ہو رہے ہیں۔
گیس کی مسلسل بندش اور کم پریشر سے پریشان شہری اب کھانا پکانے کے لیے متبادل ذرائع استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ کئی گھرانوں میں ایل پی جی سلنڈر اور لکڑی کے ذریعے کھانا تیار کیا جا رہا ہے، جس سے پہلے سے بڑھتے ہوئے گھریلو اخراجات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔
متاثرہ شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گیس کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور خصوصاً کھانے کے اوقات میں مناسب پریشر یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو روزانہ پیش آنے والی مشکلات سے نجات مل سکے۔















