اہم خبریں

کراچی میں رکشے کی ٹکر پر خاتون آپے سے باہر، ٹریفک بلاک، ویڈیو وائرل

کراچی (اے بی این نیوز) شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر موڑ پر رکشے کی کار کو ٹکر لگنے کے بعد کار سوار خاتون مشتعل ہوگئی، مبینہ طور پر رکشے اور دیگر گاڑیوں کو نقصان پہنچایا اور سڑک پر ہنگامہ آرائی شروع کردی۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ صبح پیش آیا، جہاں رکشے کی ٹکر سے کار کو نقصان پہنچنے پر خاتون طیش میں آگئی۔ اس دوران موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی، جس کے باعث راشد منہاس روڈ سے جوہر موڑ جانے والی سڑک پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔


وائرل ویڈیو میں خاتون کو رکشہ ڈرائیور کی جگہ بیٹھ کر اپنی گاڑی کی چابیاں طلب کرتے اور ٹریفک روکنے کی کوشش کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ ویڈیو میں ایک شہری کی جانب سے کار نکالنے کی کوشش کے دوران خاتون کو گاڑی کے بونٹ پر چڑھتے بھی دیکھا گیا، جس کے بعد شہری نے اسے دھکا دے کر نیچے گرا دیا۔

پولیس کے مطابق اطلاع ملنے پر اہلکار موقع پر پہنچے اور خاتون کو شاہراہ فیصل تھانے منتقل کردیا۔

بعدازاں خاتون کے اہل خانہ تھانے پہنچے اور معذرت کی۔ اہل خانہ کی جانب سے متاثرہ افراد کے مالی نقصان کا ازالہ کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کرنے کے بعد شہریوں کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آرہے ہیں۔
مزیدپڑھیں: کاشتکاروں کیلئے 1 کروڑ تک لون پر زیرو مارک اپ کا اعلان

متعلقہ خبریں