اہم خبریں

کراچی گیارہویں جماعت کے نتائج 2026 کا اعلان، رزلٹ آن لائن چیک کریں

کراچی گیارہویں جماعت کے نتائج 2026 کا اعلان اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے کر دیا ہے۔ انٹرمیڈیٹ حصہ اول کے سالانہ امتحانات میں سائنس پری میڈیکل، سائنس جنرل، کامرس، آرٹس، خصوصی امیدواروں اور ہوم اکنامکس سمیت مختلف گروپس کے نتائج جاری کیے گئے ہیں۔ طلبہ اپنے نمبروں کی تفصیلات بورڈ کی سرکاری ویب سائٹ اور موبائل ایپ کے ذریعے حاصل کر سکتے ہیں۔

مختلف گروپس میں کتنے امیدوار کامیاب ہوئے؟
بورڈ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق سائنس پری میڈیکل گروپ میں 11 ہزار 966 امیدواروں نے تمام چھ پرچوں میں کامیابی حاصل کی، جبکہ سائنس جنرل گروپ کے 15 ہزار 36 امیدوار تمام چھ پرچوں میں کامیاب قرار پائے۔

کامرس ریگولر گروپ میں 9 ہزار 332 امیدواروں نے تمام سات پرچے پاس کیے، جبکہ کامرس پرائیویٹ گروپ کے 628 امیدوار تمام سات پرچوں میں کامیاب ہوئے۔

اسی طرح آرٹس ریگولر گروپ میں 3 ہزار 748 اور آرٹس پرائیویٹ گروپ میں 692 امیدوار تمام چھ پرچوں میں کامیاب قرار دیے گئے۔

خصوصی امیدواروں کے آرٹس ریگولر گروپ میں 58 طلبہ نے تمام چھ پرچے پاس کیے، جبکہ ہوم اکنامکس گروپ میں 41 امیدوار تمام سات پرچوں میں کامیاب ہوئے۔

نتائج دیکھنے کا طریقہ
طلبہ اپنا رزلٹ دیکھنے کے لیے اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی سرکاری ویب سائٹ www.biek.edu.pk وزٹ کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ بورڈ کی آفیشل اینڈرائڈ ایپ بھی استعمال کی جا سکتی ہے، جو گوگل پلے اسٹور پر BIEK کے نام سے دستیاب ہے۔

گیارہویں جماعت کے لیے نیا گریڈنگ سسٹم نافذ
بورڈ کے مطابق رواں سال سائنس گروپس کے تمام اختیاری مضامین کی جانچ جدید او ایم آر اور ای مارکنگ سسٹم کے تحت کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ انٹرمیڈیٹ حصہ اول کے امتحانات میں نیا گریڈنگ سسٹم بھی متعارف کرایا گیا ہے۔

نئے نظام کے تحت کسی بھی پرچے میں 40 فیصد سے کم نمبر لینے والے امیدوار کو اس مضمون میں کامیاب تصور نہیں کیا جائے گا۔ ایسے طلبہ کو متعلقہ پرچے کا امتحان دوبارہ دینا ہوگا، بشرطیکہ وہ امتحان میں شرکت کی دیگر شرائط پر پورا اترتے ہوں۔

متعلقہ خبریں