لاہور ( اے بی این نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے اوپننگ بیٹر صائم ایوب کی درخواست پر انہیں قومی اسکواڈ سے ریلیز کردیا، جس کے بعد صاحبزادہ فرحان کو ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق صائم ایوب نے ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنی بیٹنگ پر کام کرنے کے لیے اسکواڈ سے ریلیز کرنے کی درخواست کی تھی۔ پاکستان ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی نے باہمی مشاورت سے ان کی درخواست منظور کرلی۔
پی سی بی نے صائم ایوب کے موجودہ فارم کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کے فیصلے کو سراہا ہے۔ بورڈ کے مطابق صاحبزادہ فرحان کو اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے اور وہ جلد قومی ٹیم کو جوائن کریں گے۔
ذرائع کے مطابق صاحبزادہ فرحان نیپال پریمیئر لیگ میں شرکت کے لیے کھٹمنڈو میں موجود ہیں، جہاں سے انہیں قومی ذمہ داریوں کے لیے طلب کیا گیا ہے۔ وہ پہلی دستیاب پرواز کے ذریعے وطن واپس روانہ ہوں گے۔
پاکستان ٹیم نے مسلسل تین فتوحات کے بعد تین ملکی سیریز کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔ قومی ٹیم اب سیریز کے پانچویں میچ میں 27 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں سری لنکا کے مدمقابل ہوگی۔
صاحبزادہ فرحان کی شمولیت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان ٹیم اہم مقابلے کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ صائم ایوب کی جگہ انہیں اسکواڈ میں شامل کرنے کے بعد ٹیم کی بیٹنگ ترتیب میں ممکنہ تبدیلیوں پر بھی نظر رہے گی۔
مزید پڑھیں:اسرائیلی انتخابات میں نیتن یاہو کیلئے بڑا چیلنج؟ گادی آئزنکوٹ کی مقبولیت میں اضافہ















