اہم خبریں

عراقی وزیراعظم کی سعودی ولی عہد سے خصوصی ملاقات، اہم یقین دہانی کرا دی

عراقی وزیراعظم کی سعودی ولی عہد سے خصوصی ملاقات، اہم یقین دہانی کرا دی

اسلام آباد (اے بی این نیوز) عراق کے وزیراعظم علی الزیدی نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو یقین دہانی کرائی ہے کہ بغداد اپنی سرزمین سعودی عرب یا کسی دوسرے پڑوسی ملک پر حملوں کے لیے استعمال نہیں ہونے دے گا۔

سعودی خبر رساں ادارے العربیہ کے مطابق مئی 2026 میں وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد علی الزیدی کا سعودی عرب کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے۔ خلیجی ممالک کے دورے کے آغاز پر بدھ کو ریاض میں ان کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اہم ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں علاقائی صورتِ حال، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ عراقی میڈیا کے مطابق دونوں رہنماؤں نے علاقائی خطرات سے نمٹنے اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا۔


عراقی وزیراعظم علی الزیدی نے کہا کہ عراق اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات اور ان کی خودمختاری کے احترام کی پالیسی پر قائم ہے۔ انہوں نے ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہونے والے حالیہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہری تنصیبات کو نشانہ بنانا علاقائی سلامتی اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے۔

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے بھی علاقائی استحکام اور مذاکرات کے فروغ کے لیے عراقی حکومت کی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا۔


یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب خطے میں کشیدگی برقرار ہے اور سعودی عرب کو میزائل اور ڈرون حملوں کے خطرات کا سامنا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یمن کی ایران نواز حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی شہروں اور ہوائی اڈوں کی سمت حملوں میں بھی تیزی آئی ہے۔

اس سے قبل جولائی میں علی الزیدی کا سعودی عرب کا دورہ عراقی سرزمین سے سعودی عرب پر حملوں کے بعد منسوخ ہوگیا تھا۔ بعد ازاں اگست میں بغداد میں عراقی وزیراعظم نے سعودی انٹیلی جنس چیف خالد بن علی الحمیدان سے ملاقات کی تھی، جس میں انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ عراق کی سرزمین دوسرے ممالک پر حملوں کے لیے استعمال نہیں ہوگی۔ اس موقع پر دونوں ممالک نے انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے اور سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا تھا۔
مزیدپڑھیں‌:شعیب ملک سے شادی کی افواہیں، اداکارہ ونیزہ ستار نے خاموشی توڑ دی

متعلقہ خبریں