اسلام آباد (اے بی این نیوز) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک سے شادی کی افواہوں پر اداکارہ ونیزہ ستار نے ردعمل دیتے ہوئے غیر مصدقہ خبریں پھیلانے والوں کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
سوشل میڈیا پر شعیب ملک اور ونیزہ ستار کی ممکنہ شادی سے متعلق افواہیں گردش کر رہی ہیں، جس پر اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے ردعمل دیا۔ انہوں نے ایک وائرل ویڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے لکھا، ’’اوہ میرے خدا! پھر سے نہیں!‘‘
ونیـزہ ستار نے افسوس کا اظہار کیا کہ بعض لوگ چند ویوز اور شہرت حاصل کرنے کے لیے معروف شخصیات کی نجی زندگی کے بارے میں بغیر تصدیق کے خبریں پھیلاتے ہیں۔ ان کے مطابق دنیا میں بات کرنے کے لیے کئی اہم موضوعات موجود ہیں، لیکن کچھ افراد دوسروں کی ذاتی زندگی کو اپنی تشہیر کا ذریعہ بناتے ہیں۔

اداکارہ اس سے قبل بھی مختلف ڈیجیٹل اور ٹی وی پروگراموں میں شعیب ملک سے متعلق شادی کی افواہوں کی تردید کر چکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی شعیب ملک سے آج تک بالمشافہ ملاقات بھی نہیں ہوئی، اس لیے ان کے نام کے ساتھ شادی کی خبریں جوڑنا حیران کن ہے۔
ونیـزہ ستار کے مطابق ابتدا میں انہوں نے ان افواہوں کو مذاق سمجھ کر نظر انداز کیا، تاہم بعد میں ان کے دوستوں اور رشتہ داروں نے اہلِ خانہ سے رابطہ کرکے ان خبروں کی حقیقت جاننے کی کوشش کی، جس سے انہیں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
اداکارہ نے سوشل میڈیا صارفین اور مواد بنانے والوں پر زور دیا کہ وہ کسی کی نجی زندگی سے متعلق معلومات شیئر کرنے سے پہلے ان کی تصدیق کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ بے بنیاد خبریں متعلقہ شخص کے ساتھ اس کے اہلِ خانہ کے لیے بھی ذہنی اذیت کا باعث بن سکتی ہیں۔
مزید پڑھیں:ایک ساتھ تین چھٹیاں، طلبا اور سرکاری ملازمین کے لیے اہم خبر















