کراچی (اے بی این نیوز) پاکستانی اداکار فیصل قریشی نے انکشاف کیا ہے کہ پنجابی فلم ’’مینگو جٹ‘‘ کی شوٹنگ کے دوران شدید گرمی کے باعث اداکارہ حریم فاروق کی طبیعت بگڑ گئی تھی اور وہ بے ہوش ہوگئی تھیں۔ اداکارہ کو 103 ڈگری بخار بھی ہوگیا تھا۔
فیصل قریشی اور حریم فاروق ان دنوں اپنی فلم ’’مینگو جٹ‘‘ کی تشہیری مہم میں مصروف ہیں۔ فلم کی شوٹنگ کے دوران دونوں فنکاروں کو شدید گرمی کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
فلم میں مراد جٹ کا کردار ادا کرنے والے فیصل قریشی نے بتایا کہ ننکانہ صاحب میں شوٹنگ کے دوران گرمی کی شدت بہت زیادہ تھی۔ انہوں نے لوکیشن دیکھتے ہی فیصلہ کیا کہ وہ وہاں قیام نہیں کریں گے بلکہ روزانہ ڈیڑھ گھنٹے کا سفر کرکے شوٹنگ کے لیے آئیں گے، تاہم حریم فاروق نے اسی مقام پر ٹھہرنے کا فیصلہ کیا۔
فیصل قریشی کے مطابق شوٹنگ کے تیسرے روز حریم فاروق کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی اور وہ بے ہوش ہوگئیں۔ چونکہ حریم فلم کی مرکزی اداکارہ ہونے کے ساتھ پروڈیوسر بھی تھیں، اس لیے ان کی غیر موجودگی میں شوٹنگ جاری رکھنا ممکن نہیں تھا، جس کے باعث پوری ٹیم کو مشکلات پیش آئیں۔
اداکار نے بتایا کہ حریم فاروق کی طبیعت خراب ہونے کے باعث گاڑی میں فلمایا جانے والا ایک منظر بعد میں شوٹ کرنا پڑا۔ بعد ازاں اداکارہ کو بھی اسی مقام پر ٹھہرایا گیا جہاں فیصل قریشی قیام پذیر تھے۔
دوسری جانب حریم فاروق نے بھی واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں 103 ڈگری بخار تھا، جو لاہور پہنچنے کے بعد ہی اترا۔
واضح رہے کہ فلم ’’مینگو جٹ‘‘ 16 اکتوبر کو ملک بھر کے سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔ فلم کی ہدایت کاری علی سجاد شاہ اور ابوعلیحہ نے کی ہے، جبکہ کاسٹ میں شمعون عباسی، عائشہ جہانزیب، قیصر پیا، ہنی البیلا، حسن مراد اور دیگر فنکار شامل ہیں۔
مزید پڑھیں:ایئر انڈیا کی فرینکفرٹ تا دہلی پرواز پر ہائی جیکنگ الرٹ، ہنگامی لینڈنگ















