نئی دہلی (اے بی این نیوز) جرمنی کے شہر فرینکفرٹ سے نئی دہلی جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز کو ہائی جیکنگ کے مبینہ الرٹ اور بم کی افواہ کے بعد ہنگامی طور پر جے پور ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا۔ طیارے میں سوار تقریباً 250 مسافروں اور عملے کو بحفاظت اتار لیا گیا۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پرواز اے آئی 2030 اس وقت بھارتی فضائی حدود میں ریاست راجستھان کے اوپر پرواز کر رہی تھی، جب احمد آباد ایئر ٹریفک کنٹرول کو طیارے سے ہائی جیکنگ کا بین الاقوامی کوڈ 7500 موصول ہوا۔ اس الرٹ کے بعد سیکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا۔
دہلی ایئرپورٹ کے وار روم نے احتیاطی اقدام کے طور پر پرواز کا رخ جے پور کی جانب موڑ دیا۔ بوئنگ 787 ڈریم لائنر طیارے نے بدھ کی صبح 9 بج کر 35 منٹ پر جے پور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحفاظت ہنگامی لینڈنگ کی۔
لینڈنگ کے بعد طیارے کو ایئرپورٹ کے مخصوص حصے میں منتقل کیا گیا، جہاں سیکیورٹی پروٹوکول کے تحت مسافروں اور عملے کو اتارا گیا۔ سینٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس، مقامی پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے طیارے اور مسافروں کے سامان کی مکمل تلاشی لی، جس کے بعد پرواز کو محفوظ قرار دے دیا گیا۔
حکام کے مطابق ابتدائی طور پر سیکیورٹی الرٹ پائلٹ کی جانب سے نادانستہ طور پر ایک بٹن دب جانے کے باعث جاری ہونے کی اطلاع سامنے آئی ہے۔ اس واقعے کے بعد بم کی دھمکی سے متعلق افواہیں بھی گردش کرتی رہیں، تاہم تلاشی کے دوران طیارے میں کسی خطرے کی تصدیق نہیں ہوئی۔
مزید پڑھیں:روسی وزیر داخلہ کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات، اہم امور پر گفتگو















