اسلام آباد(اے بی این نیوز)سعودی عرب کے ہوائی اڈوں پر حوثی حملوں کے باعث فضائی آپریشن محدود ہونے سے پاکستان کی پروازوں کا شیڈول بھی شدید متاثر ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 114 پروازیں منسوخ یا غیر فعال رپورٹ ہوئیں، جبکہ 77 پروازیں تاخیر کا شکار بھی رہیں۔
ریاض ایئرپورٹ کی بندش کے باعث آج بھی پاکستان سے ریاض جانے اور آنے والی 28 پروازیں منسوخ ہیں۔ شیڈول کے مطابق ریاض ایئرپورٹ 17 اکتوبر کی رات 12 بجے تک بند رہے گا، جس سے دونوں ممالک کے درمیان فضائی رابطے متاثر ہوئے ہیں۔
اسی طرح پی آئی اے نے ملتان سے ریاض جانے والی پرواز پی کے 765 کو متبادل ایئرپورٹ کے لیے روانہ کردیا ہے۔ دوسری جانب کراچی سے جدہ کی 2 پروازیں، جبکہ سیالکوٹ اور ملتان سے دمام جانے والی ایک، ایک پرواز منسوخ کردی گئی ہے۔
علاوہ ازیں لاہور سے مدینہ جانے والی سعودی ایئرلائن کی پروازوں ایس وی 724 اور ایس وی 725 میں 5 گھنٹے کی تاخیر ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ لاہور سے اسکردو جانے والی 4 پروازیں ڈھائی سے تین گھنٹے تاخیر کا شکار رہیں۔
فضائی نظام متاثر ہونے سے ملک کے اندر بھی آپریشن متاثر ہوا ہے اور کراچی سے لاہور جانے والی 5 پروازوں میں 3 سے 8 گھنٹے، جبکہ کراچی سے اسلام آباد جانے والی 7 پروازوں میں ایک سے 5 گھنٹے تک تاخیر ریکارڈ کی گئی ہے۔
مزیدپڑھیں: ٹورنٹو کنسرٹ میں سدھو موسے والا کے چھوٹے بھائی کی ویڈیو وائرل، مداح جذباتی















