اسلام آباد (اے بی این نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے لیے نامزد کردیا گیا ہے۔
ذرائع پیپلز پارٹی کے مطابق پیپلز پارٹی کی جانب سے جوڈیشل کمیشن کے رکن فاروق ایچ نائیک نے رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا، جس کے بعد بلاول بھٹو زرداری کو ان کی جگہ نامزد کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی جوڈیشل کمیشن میں نامزدگی کا نوٹیفکیشن جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
اس سے قبل فاروق ایچ نائیک نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے ذاتی وجوہات کی بنا پر جوڈیشل کمیشن سے استعفیٰ دیا اور اپنا استعفیٰ چیئرمین کمیشن کو بھجوا دیا ہے۔
جوڈیشل کمیشن آف پاکستان اعلیٰ عدلیہ میں ججز کی تعیناتی کا فورم ہے۔ فاروق ایچ نائیک کمیشن میں پیپلز پارٹی کی جانب سے رکن مقرر تھے۔
بعد ازاں مسلم لیگ ن کے رکن آفتاب شیخ نے بھی جوڈیشل کمیشن سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن کے ارکان کی نئی نامزدگیاں سینیٹ اور قومی اسمبلی سے جلد کی جائیں گی، جس میں مسلم لیگ ن کی جانب سے سینیٹ جبکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے قومی اسمبلی سے رکن نامزد کیے جانے کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں:ایاز صادق کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات، اپوزیشن معاملے پر اہم گفتگو















