اہم خبریں

پیٹرولیم لیوی کیخلاف ہڑتال، حکومتی وفد کی حافظ نعیم سے ملاقات، جماعت اسلامی کا دھرنے جاری رکھنے کا اعلان

پیٹرولیم لیوی کیخلاف ہڑتال، حکومتی وفد کی حافظ نعیم سے ملاقات، جماعت اسلامی کا دھرنے جاری رکھنے کا اعلان

لاہور (اے بی این نیوز) جماعت اسلامی اور وفاقی حکومت کے درمیان پیٹرولیم لیوی سمیت دیگر مطالبات پر بات چیت کیلئے متفقہ طور پر کمیٹی تشکیل دے دی گئی، جبکہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے مطالبات پورے ہونے تک ملک بھر میں جاری دھرنے جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔

جماعت اسلامی پاکستان کی جانب سے پیٹرولیم لیوی کے خلاف آج ملک گیر ہڑتال کی گئی۔ اس دوران وفاقی حکومت کا وفد امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سے ملاقات کیلئے منصورہ لاہور پہنچا۔ وفد میں وفاقی وزیر احسن اقبال، وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ اور خواجہ سلمان رفیق شامل تھے۔

ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ حکومت عوامی مسائل کے حل کیلئے سنجیدگی سے اقدامات کر رہی ہے اور پیٹرولیم لیوی کے حوالے سے جماعت اسلامی کی تجاویز کو سنا جائے گا۔

احسن اقبال نے کہا کہ حکومت اور جماعت اسلامی دونوں چاہتے ہیں کہ عوام کو ریلیف ملنا چاہیے، جہاں تک ممکن ہوگا حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرے گی۔ ان کے مطابق جماعت اسلامی کی تحریک بھی عوامی ریلیف کیلئے ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ایران جنگ کی وجہ سے عام آدمی پر بوجھ پڑ رہا ہے، حکومت آئندہ دو ہفتوں میں مذاکرات کے ذریعے معاملات طے کرنے کی کوشش کرے گی۔

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے مطالبات دہراتے ہوئے کہا کہ حکومت کم از کم روٹی کی قیمت 10 روپے کرے، کسان بھی پریشان ہے اور آٹا بھی مہنگا مل رہا ہے، جبکہ گورننس کا مسئلہ بھی حل کیا جائے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی ملکی صورتحال کو سمجھتی ہے تاہم کوئی ناجائز مطالبہ نہیں کرے گی۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ پیٹرولیم لیوی کم کی جائے اور پیٹرول سستا کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کو بار بار دھرنے مؤخر کرنے کا کہا گیا، تاہم مطالبات پورے ہونے تک دھرنے جاری رہیں گے اور ساتھ ہی حکومت سے مذاکرات بھی جاری رکھے جائیں گے۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ ٹیکسز کا مارجن کم کیا جاسکتا ہے۔ اس وقت ایک لیٹر پیٹرول پر مختلف ٹیکسز کی مد میں 131 روپے وصول کیے جا رہے ہیں۔ جماعت اسلامی نے اپنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے اور حکومتی وفد چاہے تو آج رات سے بھی مذاکرات شروع ہوسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ جماعت اسلامی کے پیٹرولیم لیوی کے خلاف کراچی، لاہور اور پشاور میں گزشتہ 20 روز سے دھرنے جاری ہیں، جبکہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی احتجاجی کیمپس لگائے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں‌:معروف لوک گلوکارہ مائی صوبھائی جان سے گئیں، شوبز انڈسٹری سوگوار

متعلقہ خبریں