اہم خبریں

سائبر سکیورٹی میں ونڈوز صارفین میک سے آگے، کیسپرسکی کا اہم انکشاف

سائبر سکیورٹی میں ونڈوز صارفین میک سے آگے، کیسپرسکی کا اہم انکشاف

اسلام آباد (اے بی این نیوز) کیسپرسکی کے تازہ ترین سروے میں انکشاف ہوا ہے کہ سائبر سکیورٹی کے حوالے سے ونڈوز صارفین میک صارفین کے مقابلے میں زیادہ احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہیں۔

سروے کے مطابق گزشتہ عرصے کے دوران 12 فیصد میک صارفین نے میلویئر سے متاثر ہونے کی اطلاع دی، جبکہ ونڈوز صارفین میں یہ شرح 9 فیصد رہی۔

رپورٹ کے مطابق اپنے ڈیوائسز پر مخصوص سکیورٹی سافٹ ویئر انسٹال کرنے والے ونڈوز صارفین کی شرح 42 فیصد ہے، جبکہ صرف 35 فیصد میک صارفین سکیورٹی سافٹ ویئر استعمال کرتے ہیں۔

مشکوک لنکس اور ای میلز کے معاملے میں بھی ونڈوز صارفین آگے

سائبر سکیورٹی کے حوالے سے دونوں آپریٹنگ سسٹمز کے صارفین کے رویوں میں نمایاں فرق مشکوک ای میلز اور لنکس نہ کھولنے کی عادت میں سامنے آیا۔

62 فیصد ونڈوز صارفین نے بتایا کہ وہ مشکوک ای میلز یا لنکس کھولنے سے گریز کرتے ہیں، جبکہ میک صارفین میں یہ شرح 51 فیصد رہی۔

اسی طرح آن لائن فراڈ اور سرمایہ کاری سے متعلق دھوکہ دہی کا سامنا کرنے والے میک صارفین کی شرح 16 فیصد رہی، جبکہ ونڈوز صارفین میں یہ شرح 13 فیصد تھی۔

سروے کے مطابق پرائیویسی کی خلاف ورزیوں کی شرح میک صارفین میں 11 فیصد جبکہ ونڈوز صارفین میں 8 فیصد رہی۔ ذاتی معلومات کی چوری کے واقعات بھی میک صارفین میں 12 فیصد اور ونڈوز صارفین میں 7 فیصد ریکارڈ کیے گئے۔
سائبر سکیورٹی میں ونڈوز صارفین میک سے آگے، کیسپرسکی کا اہم انکشاف
پاس ورڈ سکیورٹی میں بھی ونڈوز صارفین بہتر
اکاؤنٹس اور پاس ورڈز کے تحفظ کے حوالے سے بھی ونڈوز صارفین بہتر سکیورٹی طریقوں پر زیادہ عمل کرتے نظر آئے۔

ہر اکاؤنٹ کے لیے منفرد پاس ورڈ استعمال کرنے والے ونڈوز صارفین کی شرح 38 فیصد جبکہ میک صارفین کی 35 فیصد رہی۔ پیچیدہ پاس ورڈز استعمال کرنے والے ونڈوز صارفین کی شرح 52 فیصد اور میک صارفین کی 45 فیصد تھی۔

کیسپرسکی کے سائبر سکیورٹی ماہر سرگئی پوزان کے مطابق یہ تاثر عام ہے کہ میک آپریٹنگ سسٹم فطری طور پر زیادہ محفوظ ہے، تاہم سائبر خطرات کا منظرنامہ نمایاں طور پر تبدیل ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حملہ آور فعال طور پر فِشنگ اور سپلائی چین حملوں کا استعمال کر رہے ہیں، جن کے ذریعے کسی بھی آپریٹنگ سسٹم کے صارفین کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔

سرگئی پوزان کے مطابق میک کے لیے مخصوص میلویئر بھی کوئی نایاب چیز نہیں اور متعدد اقسام کے میلویئر خصوصی طور پر میک کمپیوٹرز کو نشانہ بناتے ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ انٹرنیٹ سے منسلک ہر ڈیوائس، خواہ وہ کسی بھی آپریٹنگ سسٹم پر چل رہی ہو، مختلف سائبر خطرات سے تحفظ کے لیے مناسب سکیورٹی اقدامات اور سافٹ ویئر کی متقاضی ہے۔
مزید پڑھیں‌:پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں شفاف اور قابل پیشگوئی بنانے کیلئے سفارشات پر اتفاق

متعلقہ خبریں