اسلام آباد (اے بی این نیوز) محکمہ موسمیات نے 4 اور 5 ستمبر کو خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد اور متعدد پہاڑی علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کردی، جبکہ پنجاب، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں اربن فلڈ، فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کردیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال سے آنے والی مزید مون سون ہوائیں پاکستان کے بالائی علاقوں میں داخل ہورہی ہیں، جبکہ مغربی ہواؤں کا ایک طاقتور نظام بھی بالائی علاقوں پر اثرانداز ہورہا ہے۔ اس نظام کی شدت میں 4 اور 5 ستمبر کے دوران اضافے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون ہواؤں اور مغربی ہواؤں کے نظام کے باعث پوٹھوہار، اسلام آباد اور بالائی علاقوں میں شدید بارشیں ہوسکتی ہیں۔
اسلام آباد، راولپنڈی اور مری میں بارش
پیشگوئی کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات اور بالائی پنجاب میں 3 سے 5 ستمبر کے دوران گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے۔
آزاد کشمیر میں 3 سے 6 ستمبر تک وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ بعض علاقوں میں موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔
پنجاب کے مختلف علاقوں میں کہیں کہیں موسلادھار اور بعض مقامات پر شدید موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ اوکاڑہ، ننکانہ صاحب، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، فیصل آباد، جھنگ اور دیگر علاقوں میں 4 اور 5 ستمبر کو بارش متوقع ہے۔
خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں بھی بارش کا امکان
خیبرپختونخوا میں 3 ستمبر کی شام یا رات سے 5 ستمبر تک وقفے وقفے سے بارش اور گرج چمک کے ساتھ طوفان آنے کا امکان ہے۔ صوبے کے بعض علاقوں میں موسلادھار جبکہ بعض مقامات پر شدید بارش متوقع ہے۔
گلگت بلتستان میں 3 سے 6 ستمبر تک وقفے وقفے سے بارش اور کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ طوفان کا امکان ہے، جبکہ بعض علاقوں میں تیز اور موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، تاہم ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل اور گردونواح میں بارش اور گرج چمک متوقع ہے۔
اربن فلڈ، فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 4 اور 5 ستمبر کو اسلام آباد اور راولپنڈی کے نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب کا خدشہ ہے۔
پشاور، مردان اور صوابی کے نشیبی علاقوں میں بھی اربن فلڈ کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں بھی شہری سیلاب کا خدشہ ہے۔
شدید بارشوں کے باعث خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، مری، گلیات، اسلام آباد اور راولپنڈی کے مقامی ندی نالوں میں اچانک سیلاب آنے کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
اسی طرح خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور آزاد کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے سیاحوں اور مسافروں کو محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو بھی الرٹ رہنے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
کسانوں کو بھی موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے فصلوں سے متعلق سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:دنیا کی انوکھی شادی، ہر زبان پر اس کے چرچے















