اہم خبریں

ملک بھر میں تیز ہواؤں اور بارش کی پیشگوئی، محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری

ملک بھر میں تیز ہواؤں اور بارش کی پیشگوئی، محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری

اسلام آباد (اے بی این نیوز) ملک بھر میں آج رات اور کل تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات بالائی خیبر پختونخوا، اسلام آباد، بالائی پنجاب، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔

بدھ کے روز بھی بالائی خیبر پختونخوا، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

لینڈ سلائیڈنگ اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ
محکمہ موسمیات نے موسلادھار بارش کے باعث دیر، سوات، کوہستان، بٹگرام، بونیر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، مری، گلیات، گلگت بلتستان اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

موسلادھار بارش کے باعث مردان، صوابی، پشاور، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ اور گجرات کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا بھی امکان ہے۔

اسلام آباد اور خیبر پختونخوا کا موسم
اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔

خیبر پختونخوا کے دیر، سوات، کوہستان، بٹگرام، بونیر، نوشہرہ، پشاور، صوابی، مردان، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، مالاکنڈ، مہمند، خیبر، باجوڑ، کوہاٹ اور پاراچنار سمیت مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔

پنجاب میں بھی بارش کی پیشگوئی
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، تاہم مری، گلیات، راولپنڈی، جہلم، چکوال، اٹک، نارووال، سیالکوٹ، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

سندھ اور بلوچستان میں موسم گرم رہنے کا امکان
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب جبکہ ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، تاہم ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہ سکتا ہے۔

کشمیر اور گلگت بلتستان
کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے موسلادھار بارش کے ممکنہ اثرات کے پیش نظر شہریوں، مسافروں اور پہاڑی علاقوں کا رخ کرنے والے سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے.
مزید پڑھیں‌:ڈالر اور برطانوی پاؤنڈ سستے، یورو مہنگا، آج کے تازہ کرنسی ریٹس جاری

متعلقہ خبریں