اہم خبریں

ہونڈا سی جی 125 کا نیا ماڈل لانچ، خصوصیات اور قیمت سامنے آگئیں

ہونڈا سی جی 125 کا نیا ماڈل لانچ، خصوصیات اور قیمت سامنے آگئیں

کراچی (اے بی این نیوز) ایٹلس ہونڈا نے پاکستان میں اپنی مقبول موٹر سائیکل ہونڈا سی جی 125 کا نیا لائن اپ باضابطہ طور پر لانچ کردیا۔

کمپنی کی جانب سے یکم ستمبر 2026 کو متعارف کرائے گئے نئے لائن اپ میں موٹر سائیکل کے بیرونی ڈیزائن میں تبدیلیاں اور نئے باڈی گرافکس شامل کیے گئے ہیں۔

ایٹلس ہونڈا نے نئے ماڈلز کو ’’دی ساؤنڈ آف پاور‘‘ کے سلوگن کے تحت پیش کیا ہے، جس میں موٹر سائیکل کے انداز اور سواری میں سہولت کو نمایاں کیا گیا ہے۔

نئے لائن اپ میں مکینیکل تبدیلیوں کے بجائے ڈیزائن اور سہولت پر زیادہ توجہ دی گئی ہے۔ روایتی کک اسٹارٹ ماڈل کو نئے اسٹیکر ڈیزائن کے ساتھ برقرار رکھا گیا ہے، جبکہ صارفین کی سہولت کے لیے سیلف اسٹارٹ ماڈل بھی متعارف کرایا گیا ہے۔

کمپنی نے ایک پریمیم ماڈل بھی پیش کیا ہے، جس میں سرخ اور سیاہ رنگوں کی فنشنگ اور خصوصی بیرونی ڈیزائن شامل ہے۔

انجن اور فیول ٹینک کی تفصیلات
نئے لائن اپ کے تمام ماڈلز میں 124 سی سی فور اسٹروک انجن دیا گیا ہے، جبکہ موٹر سائیکل میں 9.2 لیٹر گنجائش کا فیول ٹینک موجود ہے۔

ہونڈا سی جی 125 کی قیمت
قیمت کے حوالے سے کمپنی کے مطابق اسٹینڈرڈ ہونڈا سی جی 125 کی ابتدائی قیمت 2 لاکھ 38 ہزار 500 روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ دیگر اعلیٰ ماڈلز کی قیمتیں ان کی خصوصیات کے مطابق زیادہ ہیں۔

نئے ماڈلز کی لانچ کے بعد صارفین میں ہونڈا سی جی 125 کے نئے ڈیزائن اور سیلف اسٹارٹ ماڈل کے حوالے سے خاصی دلچسپی پائی جا رہی ہے۔
مزید پڑھیں‌:بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے متعلق بڑا عدالتی فیصلہ جاری

متعلقہ خبریں