اسلام آباد (اے بی این نیوز) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ نے گراس روٹ لیول سے فٹبال کا ٹیلنٹ سامنے لانے، صوبوں اور پاکستان فٹبال فیڈریشن کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنانے کی ہدایت کردی، جبکہ بلوچستان سے رکن قومی اسمبلی خوشحال خان کاکڑ نے صوبے میں اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کے لیے 100 کنال سے ایک ہزار کنال تک مفت زمین فراہم کرنے کی پیشکش کردی۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کا اجلاس شیخ آفتاب احمد کی زیر صدارت ہوا، جس میں ملک میں فٹبال سمیت کھیلوں کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر محسن گیلانی نے ویڈیو لنک کے ذریعے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نومیڈ گیمز کے سلسلے میں وہ بشکیک میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال تقریباً 400 نوجوان ٹرینرز تیار کیے گئے ہیں جبکہ انڈر 17 ٹیم نے بھی نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
محسن گیلانی نے بتایا کہ کلبز کی ترقی پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، جبکہ پاکستان ویمن فٹبال ٹیم کی بہتری کے لیے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ غیر ملکی کوچز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں اور سعودی عرب، قطر اور باکو کے ساتھ بھی رابطہ کاری جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نئے فٹبال ٹیلنٹ پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے اور پہلی بار پاکستان فٹبال فیڈریشن فیفا کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر رجسٹر ہوئی ہے۔
کمیٹی رکن مہرین رزاق بھٹو نے کہا کہ پاکستان میں فٹبال کو فروغ دینے کے لیے گراس روٹ لیول پر زیادہ توجہ دینا ہوگی، کیونکہ یہی وہ سطح ہے جہاں سے مستقبل کے کھلاڑی سامنے آتے ہیں۔
انہوں نے صوبوں سے پاکستان فٹبال فیڈریشن کے ساتھ رابطہ کاری کی صورتحال سے متعلق بھی جواب طلب کیا۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن کے چیف آپریٹنگ آفیسر محمد شاہد نے اعتراف کیا کہ صوبوں کے ساتھ مطلوبہ رابطہ کاری نہیں ہوسکی، تاہم انہوں نے آئندہ شکایات نہ ہونے کی یقین دہانی کرائی۔
کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر محسن گیلانی کو خود شرکت کرنے کی ہدایت کردی۔
اجلاس میں پاکستان اسپورٹس بورڈ کی فٹبال فیڈریشن کے ساتھ مالی معاونت سے متعلق بھی سوالات اٹھائے گئے۔ ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ یاسر حسین نے بتایا کہ فٹبال فیڈریشن گزشتہ 10 سے 15 سال سے پاکستان اسپورٹس بورڈ سے گرانٹ یا فنڈنگ نہیں لے رہی اور یہ خود کفیل ادارہ ہے۔
اس موقع پر بلوچستان سے رکن اسمبلی خوشحال خان کاکڑ نے بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کے لیے 100 کنال سے ایک ہزار کنال تک مفت زمین دینے کو تیار ہیں۔
بعد ازاں چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس نے اپنے اپنے علاقوں میں کھیلوں کی سرگرمیوں سے متعلق کمیٹی کو بریفنگ دی۔
مزید پڑھیں:پمز سانحہ، وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کا استعفیٰ منظور ہونے کا امکان















