اسلام آباد (اے بی این نیوز) پمز ہسپتال سانحے کے بعد وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کے استعفے سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آگئی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے مصطفیٰ کمال کا استعفیٰ منظور کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مصطفیٰ کمال کا استعفیٰ منظور ہونے کی صورت میں وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر مختار بھرت کو وفاقی وزیر صحت کی ذمہ داری سونپے جانے کا امکان ہے۔
یہ پیش رفت پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں پیش آنے والے حالیہ افسوسناک سانحے کے بعد سامنے آئی ہے، جہاں مبینہ طور پر نومولود بچوں کے وارڈ میں آتشزدگی کے نتیجے میں 14 نومولود بچے جاں بحق ہوگئے تھے۔
واضح رہے کہ سانحے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے ذمہ داران کے خلاف کارروائی اور واقعے کی تحقیقات کے لیے اہم اقدامات کی منظوری دی تھی، جبکہ تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں متعدد افسران کے خلاف کارروائی بھی کی گئی۔
تاہم مصطفیٰ کمال کے استعفے کی منظوری اور ڈاکٹر مختار بھرت کی بطور وفاقی وزیر صحت تعیناتی کا باضابطہ اعلان تاحال سامنے نہیں آیا۔
مزید پڑھیں:بادل برسنے کو تیار، ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش کی پیشگوئی















