لاہور (اے بی این نیوز) دورۂ انگلینڈ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی مسلسل ناقص کارکردگی کے بعد ٹیم مینجمنٹ میں بڑی تبدیلی کا امکان پیدا ہوگیا، ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور باؤلنگ کوچ عمر گل کو عہدوں سے ہٹائے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق دورۂ انگلینڈ میں قومی ٹیم کی خراب کارکردگی کا اثر کھلاڑیوں کے بعد ٹیم مینجمنٹ پر بھی پڑنے کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور باؤلنگ کوچ عمر گل کی جگہ نئے کوچز کی تقرری زیر غور ہے۔
ذرائع کے مطابق سرفراز احمد کی جگہ مائیک ہیسن کو پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داری سونپی جاسکتی ہے۔ مائیک ہیسن اس وقت پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے ٹیموں کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔
اسی طرح عمر گل کی جگہ ایشلے نوفکے کو پاکستان ٹیسٹ ٹیم کا نیا باؤلنگ کوچ مقرر کیے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
چیمپئنز ٹرافی کے فاتح کپتان سرفراز احمد کی کوچنگ میں پاکستان ٹیم نے 6 ٹیسٹ میچز کھیلے، جن میں قومی ٹیم کو صرف ایک میچ میں کامیابی حاصل ہوئی جبکہ 5 میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ان شکستوں میں بنگلہ دیش کے خلاف اوے سیریز میں وائٹ واش بھی شامل ہے۔
دوسری جانب دورۂ انگلینڈ میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی میں بہتری نہ آسکی۔ لیڈز میں اننگز سے شکست کے بعد قومی ٹیم کو لارڈز میں دوسرے ٹیسٹ میں بھی 194 رنز کے بھاری مارجن سے شکست ہوئی، جس کے نتیجے میں پاکستان نے ٹیسٹ سیریز بھی گنوا دی۔
مسلسل ناکامیوں کے بعد پی سی بی نے اوپنر امام الحق اور مڈل آرڈر وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو پہلی دستیاب پرواز سے وطن واپس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کو درپیش مشکلات کے پیش نظر 6 کھلاڑیوں کو ہنگامی بنیادوں پر برطانیہ بھیجا جا رہا ہے۔
تاہم ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور باؤلنگ کوچ عمر گل کو ہٹانے اور نئے کوچز کی تقرری سے متعلق پی سی بی کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔
مزید پڑھیں:سپانٹک پہاڑ پر حادثہ، لاپتا خاتون کوہ پیما اسما مشتاق کا جسد خاکی مل گیا















