لارڈز (اے بی این نیوز) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ آج لارڈز کے تاریخی میدان میں شروع ہوگا، جہاں قومی ٹیم مسلسل تیسری فتح حاصل کرکے فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے میچ سے قبل پریس کانفرنس میں کہا کہ کوشش ہوگی کہ لارڈز میں مسلسل تیسری کامیابی حاصل کرکے فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کریں۔
پاکستانی ٹیم اگرچہ حالیہ عرصے میں انگلینڈ کے خلاف مجموعی طور پر خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکی، تاہم لندن کے میدانوں میں قومی ٹیم کا ریکارڈ حوصلہ افزا ہے۔ پاکستان نے لندن میں کھیلے گئے اپنے آخری تین ٹیسٹ میچز میں کامیابی حاصل کی ہے، جن میں دو فتوحات لارڈز جبکہ ایک اوول میں ملی۔
پاکستان نے 2016 میں لارڈز ٹیسٹ میں انگلینڈ کو 75 رنز سے شکست دی، جبکہ اسی دورے کے اوول ٹیسٹ میں 10 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔
2018 میں لارڈز میں کھیلے گئے ٹیسٹ میں بھی پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں انگلینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دی۔ اس میچ میں محمد عباس نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 8 وکٹیں حاصل کیں اور مین آف دی میچ قرار پائے۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ 2018 میں لارڈز میں پاکستان کو فتح دلوانے والے کپتان سرفراز احمد اس وقت قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔
پاکستان نے انگلینڈ میں اب تک 13 ٹیسٹ میچز جیتے ہیں، جن میں سے 10 کامیابیاں لندن کے لارڈز اور اوول کے میدانوں میں حاصل ہوئی ہیں۔ قومی ٹیم آج کے میچ میں بھی ماضی کی کامیابیوں کو اعتماد میں بدلتے ہوئے لارڈز میں فتح کی ہیٹ ٹرک مکمل کرنے کی کوشش کرے گی۔
مزید پڑھیں: بادل برسانے والا نیا طاقتور سسٹم آج ملک میں داخل ہوگا،رین ایمرجنسی نافذ















