پنجاب میں سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ شدید بارشوں کے بعد مختلف مقامات پر پانی کی سطح بلند ہوئی ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کو صورتحال پر مسلسل نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق دریائے سندھ میں کالا باغ کے مقام پر درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔ یہاں پانی کی آمد 4 لاکھ 25 ہزار کیوسک جبکہ اخراج 4 لاکھ 16 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ میں تربیلا، چشمہ اور تونسہ کے مقامات پر بھی نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ تربیلا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 67 ہزار، چشمہ پر 3 لاکھ 60 ہزار جبکہ تونسہ کے مقام پر 3 لاکھ 17 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب دریائے چناب، جہلم، راوی اور ستلج میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق بتایا گیا ہے۔ ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں بھی فی الحال صورتحال نارمل ہے۔
وزیرآباد میں نالہ پلکھو پر اونچے درجے کی سیلابی صورتحال رپورٹ ہوئی ہے، جہاں پانی کا ڈسچارج 5 ہزار 800 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ نارووال کے نالہ بسنتر اور نالہ ایک میں بھی نچلے درجے کا سیلاب موجود ہے۔
دریں اثنا تربیلا ڈیم 100 فیصد جبکہ منگلا ڈیم 72 فیصد بھر چکا ہے۔ موجودہ صورتحال کے باعث متعلقہ محکموں کو دریاؤں، ندی نالوں اور حساس علاقوں میں پانی کے بہاؤ کی مسلسل نگرانی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پنجاب میں سیلاب کی موجودہ صورتحال میں شہریوں کو بھی احتیاط برتنے اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کرنے کی ضرورت ہے، خصوصاً دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب رہنے والے افراد کو غیر ضروری طور پر پانی کے قریب جانے سے گریز کرنا چاہیے۔















