اسلام آباد (اے بی این نیوز) نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے 13 سے 15 اگست کے دوران ممکنہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے حوالے سے پیشگی الرٹ جاری کردیا۔
این ای او سی کے مطابق اس دوران دریاؤں کے بالائی ملحقہ علاقوں میں بارش کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش متوقع ہے۔
الرٹ کے مطابق خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں برساتی اور پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی آسکتی ہے۔
خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں سیلاب کا خدشہ
این ای او سی کے مطابق خیبر پختونخوا کے چترال، سوات، شانگلہ، بٹگرام، اپر و لوئر دیر، کوہستان اور ایبٹ آباد میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
اس کے علاوہ مانسہرہ، ہری پور، باجوڑ، بونیر، کرم، مہمند، مردان، صوابی اور نوشہرہ میں بھی سیلابی صورتحال کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان بھی متاثر ہوسکتے ہیں
الرٹ کے مطابق آزاد کشمیر کے حویلی، پونچھ اور سدھنوتی میں اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔
گلگت بلتستان کے خرمنگ، گھانچے، گلگت، نگر، دیامر، ہنزہ، غذر، گوپس یاسین اور استور میں بھی برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پنجاب اور بلوچستان کے پہاڑی نالوں میں طغیانی کا خدشہ
این ای او سی کے مطابق پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان میں بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں اور برساتی نالوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔
بلوچستان کے موسیٰ خیل، بارکھان، خضدار اور ڈیرہ بگٹی کے پہاڑی نالوں میں طغیانی کا امکان ہے، جبکہ پنجاب کے مری، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے پہاڑی نالوں میں بھی طغیانی آسکتی ہے۔
این ای او سی نے خبردار کیا ہے کہ13 سے 15 اگست کے دوران پنجاب اور خیبر پختونخوا کے بعض شہری علاقوں میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
دریاؤں میں کم درجے کے بہاؤ کی پیشگوئی
این ای او سی کے مطابق دریائے سندھ میں تربیلا، کالا باغ، چشمہ، گڈو اور سکھر کے مقامات پر کم درجے کے بہاؤ کا امکان ہے۔
دریائے راوی میں بلوکی جبکہ دریائے چناب میں مرالہ اور خانکی کے مقامات پر بھی کم درجے کا بہاؤ متوقع ہے۔
این ای او سی نے متعلقہ اداروں کو ممکنہ بارشوں، سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر ضروری اقدامات اور نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
مزید پڑھیں:معروف ٹک ٹاکر اور ہیوی بائیک رائیڈر کومل جان بڑے حادثے کا شکار















