اسلام آباد(اے بی این نیوز)پاکستان کی تاریخ میں پہلی باروزارت داخلہ اور اس کے تمام ذیلی اداروں کی مکمل سہولتیں ایک چھت تلے میسر ہوں گی۔
اسلام آباد کے علاقے ایف 6 میں عوام کی سہولت کیلئے وزارت داخلہ کے جدید ترین پہلے خدمت مرکز کی تعمیر کی جائے گی جس میں لائسنس، این اوسیز، ویزا، شناختی کارڈ، پاسپورٹ، وزارت داخلہ کی دیگر تمام عوامی سہولتیں دستیاب ہوں گی۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف6 میں زیرِتعمیر خدمت مرکز کا دورہ اور تعمیراتی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے متعلقہ حکام کو منصوبے کو قلیل مدت میں مکمل کرنےکے احکامات دئیے۔
محسن نقوی نے کہا کہ جس قدر جلد ہو خدمت مرکز فنکشنل کیا جائے، خدمت مرکزمیں جدید پبلک ڈیلنگ ہال، سروس کاؤنٹرز اور کشادہ ویٹنگ ایریا قائم کیا جائے گا، خدمت مرکز کا مقصد شہریوں کو ایک جگہ تیز، آسان اور باوقار سرکاری خدمات فراہم کرناہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جدید، مربوط اور عوام دوست سروس ڈلیوری حکومت کی اولین ترجیح ہے، ایف 6 کا خدمت مرکز ماڈل منصوبہ ہے جلد دیگر شہروں میں بھی ایسے مراکز قائم کیے جائیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ کو خدمت مرکز کے منصوبے اور تعمیراتی پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ چیف کمشنر اسلام آباد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ اداروں کےاعلیٰ افسران بھی اس موقع پرموجودتھے۔
مزید پڑھیں: سرکاری ملازمین کا جی پی فنڈ کتنا ہوگا؟ نوٹیفکیشن جاری















