اہم خبریں

بارشوں کا نیا سپیل، محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کردی

اسلام آباد( اے بی این نیوز)‌محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارشوں کا نیا سپیل شروع ہونے کی پیشگوئی کردی ہے، جس کے دوران مختلف مقامات پر تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہواؤں اور مغربی لہر کے اثرات کے باعث کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا اور شمال مشرقی پنجاب کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہوسکتی ہے۔ لاہور، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ سمیت پنجاب کے بعض علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

اسلام آباد، راولپنڈی اور خطہ پوٹھوہار میں بھی بارش کے امکانات موجود ہیں، جبکہ شدید بارش کی صورت میں نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور شہری سیلاب کا خطرہ پیدا ہوسکتا ہے۔ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے باعث شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی مون سون سرگرمی میں اضافے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے علاقائی مرکز کے مطابق صوبے کے متعدد علاقوں میں آئندہ دنوں کے دوران بارش اور گرج چمک کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔

دوسری جانب بلوچستان کے بعض اضلاع میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ سندھ کے جنوب مشرقی علاقوں اور ساحلی پٹی میں کہیں کہیں بارش متوقع ہے۔ سندھ کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان برقرار ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز، نشیبی علاقوں سے دور رہنے اور پہاڑی علاقوں میں سفر کرتے وقت خصوصی احتیاط کی ہدایت کی ہے.
مزید پڑھیں‌:ناروے کے وزیر خارجہ پاکستان پہنچیں گے،سرکاری دورے کا شیڈول سامنے آگیا

متعلقہ خبریں