اسلام آباد(نیوزڈیسک)چیف الیکشن کمشنر نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے خط کا جواب دیدیا جس میں خط میں استعمال الفاظ پر شدید تحفظات کا اظہار کیاگیا ۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے کہا کہ الیکشن کمیشن آزاد اور خودمختار ادارہ ہے جو آئین اور قانون پر عمل کرتا ہے۔جواب میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن عدلیہ کے فیصلوں کا احترام اور من و عن عمل کرتا ہے۔ صدر کی جانب سے الیکشن کمیشن کے بارے میں بے حسی کے الفاظ لکھنا مناسب نہیں۔ صدر مملکت کی جانب سے ایسے الفاظ لکھنے پر افسوس اور مایوسی ہوئی۔الیکشن کمیشن نے جوابی خط میں لکھا کہ ادارہ اپنی آئینی ذمے داریاں احسن طریقے سے سر انجام دے رہا ہے۔ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق ادارے نے صدر مملکت کی جانب سے طلب کردہ اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے، جس میں الیکشن کمیشن ارکان اور اعلیٰ حکام ایوان صدر میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ واضح رہے کہ ایوان صدر میں اجلاس پیر کے روز دن 11 بجے طلب کیا گیا ہے۔















