اہم خبریں

بحریہ یونیورسٹی اور اے بی این نیوز کے درمیان اہم معاہدہ،طلبہ کے لیے بڑی خوشخبری

اسلام آباد (اے بی این نیوز) بحریہ یونیورسٹی اور اے بی این نیوز کے درمیان علمی اور پیشہ ورانہ تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیے گئے، جس کا مقصد طلبہ کو جدید میڈیا انڈسٹری سے ہم آہنگ مہارتیں فراہم کرنا اور تعلیمی و صنعتی شعبوں کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

تقریب کے دوران دونوں اداروں کے نمائندوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یہ شراکت داری طلبہ کے لیے عملی تربیت، پیشہ ورانہ مہارتوں کے فروغ اور میڈیا انڈسٹری میں بہتر مواقع کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گی۔

مفاہمتی یادداشت کے تحت طلبہ کو انٹرن شپ پروگرامز، پیشہ ورانہ تربیت، صنعت کے ماہرین کی زیر قیادت ورکشاپس، مشترکہ سرٹیفکیٹ پروگرامز اور عملی سیکھنے کے مختلف مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ انہیں جدید میڈیا کے تقاضوں کے مطابق تیار کیا جا سکے۔

بحریہ یونیورسٹی اور اے بی این نیوز نے اس بات کا اعادہ کیا کہ دونوں ادارے مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ میڈیا پروفیشنلز کی تیاری اور تعلیم و صنعت کے درمیان مضبوط تعلق قائم کرنے کے لیے مشترکہ طور پر کام کریں گے۔

یہ شراکت داری پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs)کے مطابق بھی ہے، جن میں معیاری تعلیم (SDG-4)، عمدہ روزگار اور اقتصادی ترقی (SDG-8)، صنعت، اختراع اور بنیادی ڈھانچہ (SDG-9)، اور مقاصد کے حصول کے لیے شراکت داری (SDG-17) شامل ہیں۔

دونوں اداروں کا کہنا ہے کہ اس تعاون سے نہ صرف طلبہ کو عملی میدان میں آگے بڑھنے کے نئے مواقع میسر آئیں گے بلکہ میڈیا انڈسٹری کو بھی تربیت یافتہ اور باصلاحیت افرادی قوت فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
مزید پڑھیں‌:پاکستان اور ایران کے درمیان آزاد تجارتی معاہدہ، اہم سفارتی پیش رفت

متعلقہ خبریں