اہم خبریں

پاکستان اور ایران کے درمیان آزاد تجارتی معاہدہ، اہم سفارتی پیش رفت

پاکستان اور ایران کے درمیان آزاد تجارتی معاہدہ، اہم سفارتی پیش رفت

اسلام آباد (اے بی این نیوز) پاکستان اور ایران کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے (فری ٹریڈ ایگریمنٹ) اور دوطرفہ تجارت کے فروغ کے حوالے سے اہم پیش رفت متوقع ہے، کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان 10ویں مشترکہ تجارتی کمیٹی (جے ٹی سی) کا اجلاس کل اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔

وزارت تجارت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اجلاس کی مشترکہ صدارت وفاقی وزیر تجارت اور ایران کے وزیر صنعت و تجارت کریں گے، جبکہ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان تجارتی، اقتصادی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے سے متعلق اہم امور پر غور کیا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق ایران کا 22 رکنی اعلیٰ سطح کا سرکاری وفد اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ رہا ہے، جبکہ ایران چیمبر آف کامرس کا 16 رکنی کاروباری وفد بھی مذاکرات کا حصہ ہوگا۔

وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ یہ اجلاس پاک ایران اقتصادی تعلقات کو نئی جہت دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اجلاس میں پاک ایران آزاد تجارتی معاہدے پر پیش رفت، دوطرفہ تجارت کے فروغ، سرمایہ کاری، کسٹمز میں تعاون، بینکاری روابط اور سرحدی تجارت کو مزید مؤثر بنانےکے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان روابط کو وسعت دینے، کاروباری تعاون بڑھانے، اقتصادی شراکت داری مضبوط بنانے اور علاقائی رابطہ کاری کو فروغ دینے کے مختلف اقدامات بھی زیر غور آئیں گے۔

حکام کا کہنا ہے کہ مشترکہ تجارتی کمیٹی کا یہ اجلاس پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم کرنے اور مستقبل میں آزاد تجارتی معاہدے کی راہ ہموار کرنے کے حوالے سے اہم سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔
مزید پڑھیں‌:جنوبی وزیرستان سے افسوسناک خبر، اہم شخصیت کو نشانہ بنا ڈالا

متعلقہ خبریں