وانا (اے بی این نیوز) جنوبی وزیرستان لوئر کے علاقے وانا میں رستم بازار کے قریب ہونے والے دھماکے میں معروف مذہبی و سماجی شخصیت مفتی جنا میرجاں بحق ہو گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق دھماکا رستم بازار کے قریب اس وقت ہوا جب مفتی جنا میر وہاں موجود تھے۔ ڈی ایس پی کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ مفتی جنا میر کو ٹارگٹ کیا گیا اور نامعلوم افراد نے بارودی مواد رستم بازار کے نچلے فلور پر نصب کیا تھا، جو دھماکے کا سبب بنا۔
ڈی ایس پی کے مطابق جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں جبکہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ سکیورٹی فورسز اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد جمع کیے اور ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔
مفتی جنا میر جنوبی وزیرستان میں امن و امان کے قیام کے لیے سرگرم کردار ادا کرتے تھے۔ وہ مختلف مواقع پر قومی امن جرگے میں بطور مقرر شریک ہوتے رہے اور علاقے میں امن، بھائی چارے اور استحکام کے فروغ کے لیے نمایاں خدمات انجام دیتے تھے۔
واقعے کے بعد علاقے کی فضا سوگوار ہو گئی ہے، جبکہ مقامی عمائدین اور شہریوں نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ذمہ دار عناصر کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
مزید پڑھیں:پاکستانی خاتون سے شادی کرنے والے افغان شہری کی ضمانت منظور















