اہم خبریں

کیرالا میں جڑواں بھائیوں کی جڑواں بہنوں سے شادی، رسم بھی جڑواں پادریوں نے ادا کرا ئی

کیرالہ (اے بی این نیوز)بھارت کی ریاست کیرالا میں ایک غیر معمولی اور دلچسپ شادی کی تقریب منعقد ہوئی جہاں تقریب کے تقریباً تمام اہم کردار جڑواں افراد پر مشتمل تھے، جس نے شرکاء کو حیرت میں ڈال دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جڑواں بھائی اکھل کے تھامس اور نکھل کے تھامس رشتۂ ازدواج میں جڑواں بہنوں میگی میری تھامس اور ماریا میری تھامس کے ساتھ منسلک ہوئے۔ شادی کی تقریب چانگانا سیری میٹرو پولیٹن چرچ میں منعقد کی گئی۔

تقریب کی خاص بات یہ رہی کہ نکاح کی مذہبی رسم بھی جڑواں پادری فادر انٹو پیزھمکٹل اور فادر اجو پیزھمکٹل نے ادا کرائی، جبکہ ان کی معاونت بھی جڑواں بھائی جیرون جیمزاور جوہون جیمزنے کی۔

دلہنوں کا کہنا تھا کہ وہ بچپن ہی سے ایسا خواب دیکھتی تھیں کہ ان کی شادی میں ہر اہم کردار جڑواں افراد ادا کریں، اسی خواہش کو پورا کرنے کے لیے انہوں نے جڑواں پادریوں کی تلاش کی، جو بالآخر کامیاب رہی۔

جڑواں پادریوں نے اس موقع کو اپنی زندگی کے یادگار ترین لمحات میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح دولہا اور دلہن ایک ساتھ نئی زندگی کا آغاز کر رہے ہیں، اسی طرح وہ خود بھی ایک ساتھ پادری بنے تھے، اس لیے یہ تقریب ان کے لیے خصوصی اہمیت رکھتی ہے۔

رپورٹس کے مطابق دونوں دولہا مرچنٹ نیوی میں خدمات انجام دے رہے ہیں جبکہ دونوں دلہنیں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ دونوں خاندانوں نے اس منفرد تقریب کو اپنے برسوں پرانے خواب کی تعبیر قرار دیا۔
مزید پڑھیں: جدید الیکٹرک کار سیریز متعارف،دیکھنے والے دنگ رہ گئے

متعلقہ خبریں