اہم خبریں

کراچی میں موسلادھار بارش کب سے ہوگی؟ محکمہ موسمیات نے نئی پیشگوئی جاری کر دی

کراچی: کراچی میں موسلادھار بارش کا انتظار کرنے والے شہریوں کے لیے محکمہ موسمیات نے نئی پیشگوئی جاری کر دی ہے۔ محکمہ کے مطابق یکم اگست کی شام یا رات سے شہر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ یہ سلسلہ 2 اگست تک جاری رہ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ سرگرم ہے۔ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بارشوں کے بعد بادلوں کا رخ سندھ کی جانب ہو گیا ہے، جس کے باعث کراچی سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق کراچی میں موسلادھار بارش کے علاوہ تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، سجاول، ٹھٹہ، ٹنڈو محمد خان، حیدرآباد، مٹیاری، جامشورو، نوابشاہ، نوشہرو فیروز اور دادو میں بھی آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور نشیبی علاقوں میں جمع ہونے والے پانی سے محتاط رہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔

دوسری جانب پنجاب کے بالائی، وسطی اور جنوبی اضلاع میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جو 5 اگست تک وقفے وقفے سے برقرار رہنے کا امکان ہے۔ گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، لاہور اور فیصل آباد سمیت کئی شہروں میں شدید بارش کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، راولپنڈی اور خطہ پوٹھوہار کے لیے بھی الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شدید بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خطرہ موجود ہے۔

ادھر بلوچستان کے مختلف اضلاع، جن میں ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان، کوہلو، ڈیرہ بگٹی، نصیرآباد، سبی، لورالائی اور خضدار شامل ہیں، وہاں بھی بارش اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ جبکہ کشمیر، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور بالائی خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ برقرار ہے۔

متعلقہ خبریں