اسلام آباد (اے بی این نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے چھوٹے دکانداروں کے لیے خصوصی ٹیکس نظام کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 200 ملین روپے تک سالانہ ٹرن اوور رکھنے والے انفرادی دکاندار اس سکیم سے مستفید ہو سکیں گے۔ خصوصی نظام صرف ٹیکس سال 2026 کے لیے نافذ کیا جائے گا، جبکہ اسکیم کے تحت کل ٹرن اوور پر ایک فیصد ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ریٹرن کے ساتھ کم از کم 25 ہزار روپے نقد ٹیکس ادا کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے جب کہ قابل ادائیگی ٹیکس سے ود ہولڈنگ ٹیکس کاٹ لیا جائے گا اور زائد رقم واپس نہیں کی جائے گی۔
ایف بی آر کے مطابق اہل دکاندار IRIS پورٹل، موبائل ایپ یا ٹیکس آفس کے ذریعے رجسٹریشن کر سکیں گے، جبکہ اس سکیم کا انتخاب کرنے والے دکانداروں کا عمومی طور پر آڈٹ نہیں کیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق غیر معمولی لین دین یا غلط استعمال کی صورت میں محکمانہ کارروائی کی جائے گی جبکہ اہل دکاندار POS سسٹم اور ڈیجیٹل انوائسنگ سے مستثنیٰ ہوں گے۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ مقررہ تاریخ تک ریٹرن فائل کرنے یا اسکیم کا انتخاب کرنے میں ناکامی پر 10،000 سے 50،000 روپے تک جرمانہ عائد کیا جائے گا، جبکہ رجسٹرڈ اہل دکانداروں کو ایف بی آر کی جانب سے کیو آر کوڈ کے ساتھ “گرین پلیٹ” جاری کی جائے گی۔
مزید پڑھیں:سری لنکا ویمنز ٹیم نے پاکستان کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی















