اسلام آباد (اے بی این نیوز) ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز کو وفاق میں اہم ذمہ داری سونپ دی گئی ہے جب کہ انہیں وزیراعظم ہاؤس میں دفتر بھی الاٹ کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز وفاق میں مسلم لیگ (ن) کے سیاسی امور کی نگرانی کریں گے۔ اسلام آباد پہنچنے کے بعد انہوں نے وفاقی وزراء اویس لغاری، عطا تارڑ اور علی پرویز ملک سے بھی ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز کو وفاقی سطح پر ذمہ داریاں دینے کا فیصلہ مری میں ہونے والے حالیہ اجلاس میں کیا گیا جس میں وزیراعظم شہباز شریف، مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے شرکت کی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ حمزہ شہباز وزیراعظم ہاؤس کی چھٹی منزل پر واقع اپنے دفتر سے اپنے امور سرانجام دیں گے اور مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی سے بھی ملاقات کریں گے۔
مزید پڑھیں:ایف بی آر کا صارفین کے لیے اہم اعلان، نئی ہدایات جاری















