اسلام آباد( ای بی این نیوز )صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو انتخابات سے متعلق مشاورت کے لیے 20 فروری 2023 کو ایوان صدر میں ہنگامی اجلاس کی دعوت دیدی۔ الیکشنز ایکٹ 2017 کی سیکشن 57 (1) کے تحت صدر مملکت عام انتخابات کی تاریخ یا تاریخوں کا اعلان الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مشاورت کے بعد کریں گے۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کے نام اپنے خط میں صدر مملکت نے کہا کہ ان کے 08 فروری کے خط کے بعد سے اس معاملے پر لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے اور سپریم کورٹ کے حالیہ مشاہدات جیسی کچھ اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ صدر مملکت نے اپنے پہلے خط پر الیکشن کمیشن کی جانب سے جواب موصول نہ ہونے پر ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ بے چینی سے انتظار کر رہے تھے کہ کمیشن اپنے آئینی فرائض کا احساس کرے گا اور اس کے مطابق کام کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس اہم معاملے پر الیکشن کمیشن کے افسوسناک رویے سے انتہائی مایوسی ہوئی ہے۔ اپنے خط میں صدر نے کہا کہ آئین کے تحفظ اور دفاع کی اپنی آئینی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر کو 20 فروری 2023 کو اپنے دفتر میں الیکشن پر مشاورت کیلئے ہنگامی ملاقات کیلئے مدعو کرتا ہوں۔















