لاہور (اے بی این نیوز) پنجاب سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کے نئے سلسلے نے گرمی کی شدت کم کر دی ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران مزید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں رات گئے ہونے والی بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ شہر میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کے ساتھ ٹھنڈی ہوائیں چلتی رہیں، جس سے حبس میں بھی نمایاں کمی آئی۔ آج بھی لاہور میں بارش کا امکان ہے، جبکہ شہر کا مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 26 اور زیادہ سے زیادہ 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ شہر میں تقریباً 13 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 83 فیصد تک ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشوں کا موجودہ سلسلہ 13 جولائی تک جاری رہے گا۔ اس دوران کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش متوقع ہے، جس سے گرمی کی شدت میں مزید کمی آئے گی، تاہم نمی کے باعث بعض علاقوں میں حبس برقرار رہ سکتا ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں شدید مون سون بارشوں کے نئے اسپیل کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرطوب ہوائیں آج سے مزید شدت اختیار کریں گی، جبکہ مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ بھی ملک میں داخل ہو رہا ہے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں گرج چمک، تیز ہواؤں اور موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج اور کل اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش بھی ہو سکتی ہے۔
کشمیر میں 13 جولائی تک مختلف علاقوں میں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں بھی آئندہ دو روز کے دوران بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا کے پشاور، مردان، سوات، مالاکنڈ، کوہاٹ، بنوں، وزیرستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بٹگرام، شانگلہ، کرم اور دیگر اضلاع میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ میں آج رات سے 12 جولائی تک سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، کشمور، گھوٹکی اور خیرپور سمیت مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے، جبکہ بلوچستان کے مشرقی اضلاع ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان، شیرانی، زیارت، سبی، کوہلو اور ڈیرہ بگٹی میں آج رات سے 13 جولائی تک بارش کا امکان ہے۔ جنوبی بلوچستان کے خضدار، آواران، لسبیلہ اور گوادر میں بھی 12 اور 13 جولائی کے دوران بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
کراچی کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کا موسم ابر آلود اور مرطوب رہے گا، جبکہ وقفے وقفے سے تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 28 اور زیادہ سے زیادہ 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
ادھر مانسہرہ کے سیاحتی مقام ناران میں بھی خوشگوار موسم کے باعث سیاحوں کی بڑی تعداد پہنچ رہی ہے، جہاں ٹھنڈے موسم اور قدرتی حسن سے لطف اندوز ہونے والوں کا رش برقرار ہے۔
مزید پڑھیں:گلیشئیر برسٹ، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابوں کا الرٹ جاری















