محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق آج شام اور رات کے اوقات میں ملک کے بالائی علاقوں سمیت مختلف شہروں میں آندھی، گرج چمک اور بارش ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس وقت بالائی علاقوں پر مغربی ہواؤں کا کمزور سلسلہ اثرانداز ہو رہا ہے، جبکہ بلوچستان کے مغربی حصے میں کم دباؤ کا ایک نظام موجود ہے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں موسم تبدیل ہونے کی توقع ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں دن کے اوقات میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم شام یا رات کے وقت گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکانات تقریباً 35 فیصد ہیں۔
پنجاب کے کن علاقوں میں بارش متوقع؟
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع، جن میں مری، گلیات، چکوال، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، خوشاب، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، قصور اور منڈی بہاؤالدین شامل ہیں، کہیں کہیں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
اسی طرح آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
دریاؤں کی صورتحال کیا ہے؟
فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق اس وقت ملک کے تمام بڑے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے اور کسی بھی مقام پر سیلابی صورتحال موجود نہیں۔
البتہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا، شمالی اور وسطی پنجاب کے علاوہ دریاؤں کے بالائی کیچمنٹ علاقوں میں کہیں کہیں سے لے کر وسیع پیمانے پر بارش کا امکان ہے۔
ماہرین کے مطابق 11 سے 13 جولائی کے دوران ان بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں معمولی اضافہ ہو سکتا ہے، تاہم فی الحال کسی بڑے سیلاب کا خدشہ ظاہر نہیں کیا گیا۔
شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ موسمی صورتحال سے متعلق تازہ اطلاعات پر نظر رکھیں اور بارش یا آندھی کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔















