اہم خبریں

پاسپورٹ ہوم ڈیلیوری سروس کے آغاز سے شہری اب اپنا پاسپورٹ گھر بیٹھے وصول کر سکیں گے

وفاقی حکومت نے عوام کی سہولت کے لیے پاسپورٹ ہوم ڈیلیوری سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، جس کے بعد پاسپورٹ درخواست گزاروں کو تیار شدہ پاسپورٹ وصول کرنے کے لیے دفاتر کے چکر نہیں لگانا پڑیں گے۔

ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے نجی کورئیر کمپنی ٹی سی ایس کے اشتراک سے اس نئی سہولت کا آغاز کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو پاسپورٹ کی فراہمی کے عمل کو زیادہ آسان، محفوظ اور تیز بنانا ہے۔

نئے نظام کے تحت پاسپورٹ کی درخواست جمع کراتے وقت شہری کورئیر کے ذریعے ہوم ڈیلیوری کا آپشن منتخب کر سکیں گے۔ درخواست مکمل ہونے کے بعد تیار شدہ پاسپورٹ درخواست گزار کے فراہم کردہ پتے پر پہنچا دیا جائے گا۔

اس منصوبے کا اعلان ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا اور ٹی سی ایس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر حسن رضا لغاری کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران کیا گیا۔ معاہدے کے تحت ٹی سی ایس کو ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کا باضابطہ سروس پارٹنر مقرر کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق اس سہولت سے شہریوں کا قیمتی وقت بچے گا، دفاتر میں انتظار کی زحمت کم ہوگی اور پاسپورٹ کی ترسیل مزید منظم انداز میں ممکن ہو سکے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ پاسپورٹ ہوم ڈیلیوری سروس وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے عوامی سہولیات میں بہتری کے وژن کا حصہ ہے، جس کے تحت سرکاری خدمات کو جدید اور عوام دوست بنایا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ حکومت اس سے قبل ملک بھر کے پاسپورٹ دفاتر میں کیش لیس نظام متعارف کرانے کا بھی اعلان کر چکی ہے۔ اب ہوم ڈیلیوری سروس کے آغاز سے پاسپورٹ کے حصول کا عمل مزید آسان اور مؤثر ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔

متعلقہ خبریں