اہم خبریں

پیٹرول کی قیمت میں کمی کے بعد مہنگائی کے ستائے عوام پر نیا بوجھ

اسلام آباد: مٹی کے تیل کی قیمت میں اضافے کے بعد ملک بھر کے صارفین کو ایک اور مہنگائی کے جھٹکے کا سامنا کرنا پڑے گا۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 4 روپے 9 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 231 روپے 14 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔

اوگرا کے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد خاص طور پر وہ شہری زیادہ متاثر ہوں گے جو گھریلو استعمال، کھانا پکانے یا دیگر ضروریات کے لیے مٹی کے تیل پر انحصار کرتے ہیں، خصوصاً دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں رہنے والے افراد۔

دوسری جانب حکومت نے حال ہی میں پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں معمولی کمی کا اعلان کیا تھا۔ سرکاری فیصلے کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 1 روپے 97 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی، جس کے بعد نئی قیمت 297 روپے 53 پیسے فی لیٹر ہو گئی۔

تاہم پیٹرول کی قیمت میں کمی کے ساتھ ہی پیٹرول لیوی میں اضافہ بھی کیا گیا، جس کے باعث صارفین کو مکمل ریلیف نہیں مل سکا۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پیٹرول پر لیوی بڑھا کر 70 روپے 36 پیسے فی لیٹر کر دی گئی ہے، جبکہ ڈیزل، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل پر بھی مقررہ شرح کے مطابق لیوی برقرار رکھی گئی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں حالیہ اضافہ ان گھرانوں کے اخراجات میں مزید اضافہ کر سکتا ہے جو اب بھی ایندھن کے طور پر مٹی کا تیل استعمال کرتے ہیں۔ عوام کی جانب سے حکومت سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ بنیادی ضروریات سے متعلق مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

متعلقہ خبریں