اہم خبریں

لاہور کے ایک شہری کے نام پر 421 گاڑیاں رجسٹرڈ، ٹریفک پولیس کا حیران کن انکشاف

لاہور شہری کے نام پر 421 گاڑیاں رجسٹرڈ ہونے کا حیران کن انکشاف سامنے آیا ہے، جس نے ٹریفک حکام کو بھی چونکا کر رکھ دیا۔ سٹی ٹریفک پولیس کے مطابق ایک معمول کی چیکنگ کے دوران یہ معاملہ سامنے آیا جب ایک شہری کی موٹر سائیکل کو جنرل ہولڈ اپ کے دوران روکا گیا۔

ٹریفک پولیس کے ترجمان کے مطابق شہری باز محمد کے نام پر مجموعی طور پر 421 گاڑیاں، رکشے اور موٹر سائیکلیں رجسٹرڈ پائی گئیں۔ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ ان تمام گاڑیوں کا ریکارڈ متعلقہ شہری کے نام سے منسلک ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ لاہور شہری کے نام پر 421 گاڑیاں رجسٹرڈ ہونے کے ساتھ ساتھ ان گاڑیوں پر ای چالان کی بڑی تعداد بھی موجود ہے۔ ریکارڈ کے مطابق باز محمد کے نام پر 1526 ای چالان واجب الادا ہیں جن کی مجموعی مالیت 20 لاکھ 88 ہزار 800 روپے سے زائد بنتی ہے۔

ترجمان ٹریفک پولیس نے بتایا کہ موٹر سائیکل کو قانونی کارروائی کے لیے تھانہ مسلم ٹاؤن میں بند کر دیا گیا ہے جبکہ معاملے کی مزید چھان بین جاری ہے۔ حکام اس بات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ اتنی بڑی تعداد میں گاڑیاں ایک ہی شخص کے نام پر کیسے رجسٹرڈ ہوئیں اور آیا اس میں کسی قسم کی بے ضابطگی شامل ہے یا نہیں۔

ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں کو اپنی گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ملکیت کے ریکارڈ کی باقاعدگی سے جانچ کرنی چاہیے تاکہ کسی بھی ممکنہ قانونی یا انتظامی مسئلے سے بچا جا سکے۔

متعلقہ خبریں