لاہور: پنجاب صفائی آپریشن کے دوران عیدالاضحیٰ پر پہلی بار جدید ڈرون ٹیکنالوجی استعمال کی گئی، جس کے ذریعے مختلف شہروں میں صفائی کے عمل کی نگرانی مزید مؤثر بنادی گئی۔ حکومتی ذرائع کے مطابق اس اقدام کا مقصد آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگانا اور شہری علاقوں میں صفائی کے معیار کو بہتر رکھنا ہے۔
ترجمان ستھرا پنجاب کا کہنا ہے کہ عید کے پہلے اور دوسرے روز صوبے بھر سے ایک لاکھ 10 ہزار ٹن سے زائد آلائشیں اور دیگر باقیات اٹھا کر مناسب مقامات پر منتقل کی گئیں۔ صرف لاہور شہر میں 17 ہزار ٹن سے زیادہ آلائشیں ٹھکانے لگائی گئیں، جبکہ دیگر اضلاع میں بھی صفائی ٹیمیں مسلسل متحرک رہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز خود پنجاب صفائی آپریشن کی نگرانی کر رہی ہیں تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جاسکے۔ ان کے مطابق صوبے بھر میں ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ایک لاکھ 84 ہزار سے زائد ورکرز فیلڈ میں اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آلائشیں اٹھانے کے بعد گلیوں، محلوں اور سڑکوں کو عرق گلاب ملے پانی سے دھویا جا رہا ہے تاکہ تعفن اور بدبو کا خاتمہ ہوسکے۔ شہریوں نے بھی کئی علاقوں میں صفائی کے بہتر انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔















